ایشز سیریز کا ڈے /نائٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں
ایڈیلیڈ:آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا دوسرا میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا۔ جیمز اینڈرسن اور کرس ووکس کی تباہ کن بولنگ کی بدولت میزبان آسٹریلوی ٹیم دوسری اننگز میں 138 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اس نے انگلینڈ کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 354 رنز کا ہدف دیا۔ اینڈرسن اور ووکس کی برق رفتار گیندوں کے سامنے کینگروز بلے باز دوسری اننگز میں مکمل طور پر بے بس دکھائی دیئے اور کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکا۔ اینڈرسن نے 5 اور ووکس نے 4 کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔ انگلینڈ کو فتح کیلئے مزید 178 رنز اور میزبان کینگروز کو 6 وکٹوں کی ضرورت ہے، کپتان جوائے روٹ 67 رنز بنا کر ڈٹے ہوئے ہیں۔ ایڈیلیڈ میں جاری ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلوی ٹیم نے 53 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر دوسری ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو پیٹر ہینڈزکامب اور نیتھن لیون 3، 3 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے ساتویں اوور میں اینڈرسن نے لیون کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو پانچویں کامیابی دلائی، لیون نے 14 رنز بنائے، اس کے بعد اینڈرسن نے اپنے اگلے اوور میں ہینڈز کامب کو بھی آوٹ کر دیا، کامب 12 رنز بنا کر چلتے بنے، 90 کے ا سکور پر کینگروز کی ساتویں وکٹ گری جب ٹم پین 11 رنز بنا کر ووکس کی گیند کا نشانہ بنے۔ 122 کے ا سکور پر میزبان ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب شان مارش 19 رنز بنانے کے بعد ووکس کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ مچل ا سٹارک آسٹریلیا کے نویں آوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 20 رنز بنا کر اینڈرسن کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے، 138 کے ا سکور پر آسٹریلیا کی آخری وکٹ گری جب ہیزلووڈ 3 رنز بنا کر اوورٹن کی گیند پر میلان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے، اس طرح آسٹریلیا نے انگلینڈ کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 354 رنز کا ہدف دیا، اینڈرسن نے 5 ووکس نے 4 اور اوورٹن نے ایک وکٹ لی۔ 354 رنز کے ہدف کے تعاقب کیلئے انگلش ٹیم جب دوسری اننگز کیلئے میدان میں اتری تو ایلسٹرکک اور ا سٹونمین نے ٹیم کو 53 رنز کا آغاز فراہم کیا یہاں پر ناتھن لیون نے ایلسٹر کک کو آوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، کک 16 رنز بنا سکے، کک کے بعد اسٹونمین کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 36 رنز بنا کر ا سٹارک کی گیند کا نشانہ بنے، 91 کے ا سکور پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ گری جب جیمز ونس 15 رنز بنا کر ا سٹارک کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ اس موقع پر ڈیوڈ میلان نے کپتان جوائے روٹ کا ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے چوتھی وکٹ میں 78 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 169 تک پہنچا دیا۔ یہ پارٹنر شپ کینگروز کیلئے خطرہ بنتی جا رہی تھی کہ یہاں پر کمنز نے میلان کو آوٹ کر کے ٹیم کا اہم کامیابی دلائی میلان 29 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ اس طرح چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 176 رنز بنا لئے تھے اور اسے فتح کیلئے مزید 178 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 6 وکٹیں باقی ہیں، جوروٹ 67 اور ووکس 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، اسٹارک نے 2، لیون اور کمنز نے ایک، ایک وکٹ لی۔