Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشز سیریز: آسٹریلیا نے دوسرامیچ بھی جیت لیا

 
ایڈیلیڈ:ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بولرز کی شاندار کارکردگی کے باعث آسٹریلیا نے انگلینڈ کو120 رنزسے شکست دے کر سیریز میں0-2 کی برتری حاصل کرلی۔مشکل صورتحال میں سنچری اسکور کرنے والے آسٹریلوی بیٹسمین شان مارش کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔آسٹریلیا نے فتح کےلئے354رنز کا ہدف دیا تھا لیکن انگلینڈ کی ٹیم233رنز بناسکی۔کپتان جوائے روٹ 67رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔کھیل کے آخری دن انگلینڈ کو 178رنز کی ضرورت تھی اور اس کی 6وکٹیں باقی تھیں تاہم مہمان ٹیم مجموعی اسکور میں صرف 57رنز کا اضافہ کر سکی۔ انگلینڈ نے 176/4رنز پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا ۔ہیزل ووڈ نے پہلے ہی اوور میں نا ئٹ واچ مین کرسووکس کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آوٹ کرادیا جبکہ اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے پرکپتان جو ائے روٹ بھی 67رنز کی اننگز کھیل کرپویلین لوٹ گئے۔ ابتدا ہی میں2 وکٹیں گرنے کے بعد انگلش ٹیم دباو کا شکار ہوگئی۔نئے آنے والے بیٹسمین معین علی بھی آسٹریلوی بولرز کا جم کر سامنا نہ کرسکے اورصرف2رنز بناکر لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اوورٹن 7اور اسٹورٹ براڈ 8رنز بناسکے، وکٹ کیپر جونی بیئراسٹو نے 36رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کے آوٹ ہو تے ہی انگلش اننگز کا بھی خاتمہ ہو گیا اور اس طرح انگلینڈکی پوری ٹیم 233رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ۔مچل اسٹارک نے 5، ہیزل ووڈ اور لیون نے2،2 جبکہ کمنز نے ایک وکٹ حاصل کی۔5ٹیسٹ میچز پر مشتمل ایشز سیریزمیں آسٹریلیا کو 0-2کی برتری حاصل ہے۔قبل ازیں برزبن ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 10وکٹوں سے شکست دی تھی۔تیسرا ٹیسٹ 14دسمبر سے پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: