اسلام آباد.. قومی اسمبلی نے جمعرات کو مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے فیصلے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی۔ اسپیکر نے معمول کی کارروائی روک کر مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی فیصلے پر بحث کرائی ۔ حکومت اور اپوزیشن ارکان کی مشترکہ قرارداد وفاقی وزیر برجیس طاہر نے ایوان میں پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ قرار داد میں کہا گیا کہ یہ ایوان تل ابیب میں امریکی سفارتخانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کو مسلم امہ پر حملہ سمجھتا ہے ۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ امر یکہ فوری طورپرسفارتخانہ منتقل کرنے کافیصلہ واپس لے۔ امریکہ کا یہ اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ قرارداد میں حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ امریکی اقدام کے خلاف او آئی سی کو فوری طور پر متحرک کرے۔ قبل ازیں بحث میں حصہ لیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رکن اسمبلی نوید قمر نے کہا کہ آج کا دن دنیا کی تاریخ میں تاریک دن ہے۔امریکی اقدام ایک گریٹ گیم کاحصہ ہے۔