القدس ۔۔۔۔۔۔۔۔ فلسطینی وزیر اوقاف و مذہبی امور شیخ یوسف ادعیس نے واضح کیا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے القدس سے متعلق فیصلہ کر کے عربوں اور مسلمانوں کو کھلا چیلنج دیدیا۔ انہوں نے عربوں کا اثاثہ ناحق اسرائیل کے حوالے کر دیا۔ امریکی صدر نے وعدبالفور کی یاد تازہ کر دی۔ جس کے تحت ایسی سرزمین کو جس کا برطانیہ مالک نہیں تھا ایسی قوم کے حوالے کر دی تھی جو اس کی حقدار نہیں تھی۔ القدس عرب شہر ہے اور مسجد اقصیٰ اللہ کے فیصلے سے اسلامی مسجد ہے۔ یہ کسی کے بھی فیصلے کی تابعدار نہیں۔ وزیر اوقاف نے مزید کہا کہ القدس اسلامی عرب شہر کے طور پر سربلند رہے گا۔ فلسطینی عوام اپنے قائدین کے ساتھ القدس کا دفاع کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فلسطینی القدس اور مسجد اقصیٰ کو درپیش خطرناک چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے صف بستہ ہو جائیں اور اپنے اختلافات پس پشت ڈال دیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے دن تمام فلسطینی مساجد کے خطیب القدس اور مشرق اقصیٰ پر خطبات دیں گے۔ انہوں نے اسلامی اور عیسائی مذہبی پیشواؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی صدر کے فیصلے کو ناکام بنانے کیلئے فوری اقدام کریں۔