Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قوم انصاف کی پیاسی ہے ، نواز شریف قصہ پارینہ بن چکے ہیں ، علی محمد خان

 ہماری حکومت آئی تو سودی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ، تارکین قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں ، رہنما تحریک انصاف کا اردونیوز کو خصوصی انٹرویو
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی اور مرکزی رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم عدل و انصاف کی پیاسی ہے۔ ملکی سطح پر انصاف کی فراہمی پارٹی کا واحد ایجنڈا ہے ۔ نواز شریف خاندان کی سیاست اب قصہ پارینہ بن چکی ہے۔ عوام تحریک انصاف کی جانب دیکھ رہے ہیں ۔ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف ون پارٹی کے طورپر الیکشن میں حصہ لے گی تاہم سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا امکان ہے ۔ وہ پاکستان روانگی سے قبل اردونیوز کو خصوصی انٹرویودیتے ہوئے خیبر پختونخوا میں قیام انصاف کے حوالے سے ایک سوال پر انکا کہنا تھا کہ ہم بھر پور کوشش کر رہے ہیں اور کافی حد تک کامیابی بھی حاصل کی ۔ تاہم برسوں کی خرابی کی اصلاح یک دم نہیں ہو سکتی ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔عام غریب آدمی کو سرمایہ دار اور جاگیردار پولیس کے ذریعے دباتا تھا ہم نے سب سے پہلے اس ادارے کو غیر سیاسی کیا اور ادارے میں انصاف کو رائج کیا ۔ ہمیں ایک اجڑا ہو چمن دیا گیا تھا جس کی عدالتیں تباہ ، پولیس بکی ہوئی ،اسپتال ڈاکٹرو ں، دوائیوں اور اسکول اساتذہ سے خالی تھے ۔ ہم نے ان اداروں کی اصلاح کی اور کافی کامیابی حاصل کی ۔ تاہم ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ ہم نے معاشرے میں اقبال کی خود ی کو بیدارکیا ۔ پی ٹی آئی میں شخصیت پرستی کے سوال پر علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف میں شخصیت پرستی نہیں تاہم لیڈر سے اخلاص ہر دور میں رائج رہا ہے ۔ قائد اعظم سے ہر ایک محبت کرتا ہے اسی طرح عمران خان نے عوام کو جو شعور دیا ہے اس کی وجہ سے پاکستانی انہیں عزت و احترام دیتے ہیں ۔ میرے نزدیک عمران خان کاوزیر اعظم بن جانا ہدف نہیں ۔ خان نے عام نوجوانوں کو حصول انصاف کی جانب لگا دیا ہے جو بہت بڑا کارنامہ ہے۔ جمہوری نظام پاکستان کےلئے ضروری ہے تاہم اس سے قبل یہ کہنا چاہوں گا کہ جمہوریت سے زیادہ لازمی پاکستان کا استحکام ہے ۔ تحریک انصاف میں جمہوریت کے سوال پر علی خان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں جمہوریت مکمل طور پر رائج ہے ۔ میں پارٹی سربراہ کے سامنے اختلاف بھی کرتا ہوں ۔پی ٹی آئی میں انٹرا پارٹی الیکشن کرائے جائیں گے اس میں لوگ میرٹ پر آئیں گے ۔ پارٹی کسی کی جاگیر نہیں ہے ۔ نئے آنے والوں کےلئے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں تاہم اگر کوئی بدعنوان عنصر آتا ہے تو میری ان سے جنگ ہے ۔ تحریک انصا ف کا کارکن کسی بدعنوان عنصر کو پارٹی میں رہنے نہیں دے گا ۔ تحریک انصاف نوجوانوں کے خوابو ں اور نظریے کی محافظ ہے ۔ عام لوگوں کے خوابوں کو چھیننے نہیں دیں گے ۔ کراچی کے حوالے سے سوال پر علی محمد خان کاکہنا تھا کہ ملکی معیشت میں کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے ۔ کراچی میں دوبارہ روشنیاں بحال کرائینگے ۔ وہاں دہشتگردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے ۔ رینجرز نے بہت کام کیا ہے ۔ سندھی وڈیروں نے کراچی کو پیچھے رکھا اور وہاں عوام کو اٹھنے نہیں دیا گیا ۔ کراچی کے مسئلے کا حل مضبوط مقامی حکومت ہے ۔ سی پیک کے سوال پر انکا کہنا تھا کہ اس کے ثمرات پاکستان پر مرتب ہو نگے ۔ اس منصوبے کے خلاف عالمی طاقتیں منصوبے کرتی رہتی ہیں جن کے خلاف ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ پاکستان کے خلاف یہود و ہنود کی سازشوں کو ناکام کرنا ہے ۔ ہمیں ان سے زیادہ خطرہ نہیں مگر ان سے زیادہ خطرہ ہے جو کھاتے پاکستان اور پہنتے پاکستان کا ہیں مگر غیروں کی زبان بولتے ہیں ۔ ہمیں ان لوگوں کو اور اندر کے دشمنوں کو پہچانا چاہئے ۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے سب سے بڑے سپورٹر اور ہم انکے سب سے بڑے وکیل ہیں۔ انکے حق کے لئے ہم ہر مقام اور ہر محاذ پر لڑتے رہیں گے ۔ 

شیئر: