منامہ .... بحرین میں پاکستان کے سفیرجاویدملک نے کہاہے کہ پاکستان خطے میں استحکام اور قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا ۔مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کاقیام ممکن نہیں۔یہ بات انہوں نے بحرین میں منعقد منامہ ڈائیلاگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہی ۔ منامہ ڈائیلاگ میں 20 ممالک کے اعلیٰ عسکری اور سیاسی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہاکہ پاکستان خطے میں استحکام اور قیام امن کیلئے ہر ممکن تعا ون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کاقیام ممکن نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستانی اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستانی افواج کی آپریشن ضرب عضب میں کامیابیوں سے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے بہادر افسران اور جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کیلئے ہمیں دہشتگردوں کے نظریات کو شکست دینا لازمی ہے۔پاکستان کے سفیرنے کہاکہ پاکستان ہند،افغانستان اور تمام ہمسایوں کے ساتھ مثبت تعلقات پر یقین رکھتا ہے۔