چین سائبر دراندازی کی کوششوں میں مصروف ہے، جرمن جاسوس ایجنسی
برلن .... جرمنی کی جاسوس ایجنسی” بی ایف وی“ نے الزام عائد کیا ہے کہ چین لنکڈان کی جعلی پروفائلز کے ذریعے جرمن حکام اور سیاستدانوں کے حوالے سے معلومات حاصل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ ایجنسی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ چینی انٹیلی جنس نے اس ویب سائٹ کے ذریعے جرمنی کے کم از کم 10ہزار افراد کو اپنا ہدف بنایا ہے تاکہ ان سے مخبروں کے طورپر خدمات لی جاسکیں۔ ایجنسی نے متعدد جعلی پروفائلز جاری کی ہیں جن کے بارے میں یہ مبینہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان پروفائلز کو چینی ایجنسی نے استعمال کیا ہے اور اس کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔ بی ایف وی کے سربراہ ہینز جارج نے کہا کہ لنکڈان پر بنائے گئے اکاﺅنٹس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ چین اعلیٰ سطح کی جرمن سیاسی شخصیات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خصوصی طور پر پارلیمنٹ ، وزارتوں اورکاری ایجنسیز میں سائبر دراندازی کی ایک وسیع البنیاد کوشش ہے۔ واضح رہے کہ چین ماضی میں اس قسم کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے تاہم جرمن الزامات کے حوالے سے ابھی تک اس نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ جرمن ایجنسی نے 8ان پروفائلز کی اشاعت کی ہے جن کے بارے میں انکا کہناہے کہ یہ جرمن لنکڈان یوزرز سے رابطہ کرنے کیلئے سب سے زیادہ سرگرم انداز میں کام کررہی تھیں۔