شام سے روسی انخلاء ہماری کارروائیوں کو متاثر نہیں کریگا، امریکہ
جمعرات 14 دسمبر 2017 3:00
واشنگٹن۔۔۔امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہیتھر ناورٹ نے روسی صدر ولا دیمر پیوٹین کی جانب سے روسی فوجیوں کے شام سے انخلاء کے اعلان کے حوالے سے کہا کہ اگر روس انخلاء کرتا ہے تو یہ اُس کی ترجیح ہے البتہ ہم اپنے اتحادیوں کے ہمراہ اس ملک میں استحکام کے قیام کی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔ترجمان نے یومیہ پریس بریفنگ میں ایجنڈے کے حوالے سے آگہی فراہم کی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ بات بڑی دلچسپ ہے کہ روس شام میں اپنے فرائض کے پورا ہونے کی سوچ رکھتا ہے لیکن ہمارا مشن ابھی مکمل نہیں ہوا،یعنی امریکہ اور اسکے اتحادی ملک میں استحکام کے قیام کی کوششوں میں محو ہیں۔ ابھی بھی داعش کے قبضے میں ہونیوالے بعض مقامات پائے جاتے ہیں لہذا ملک میں دہشتگردی کا مکمل طور پر خاتمہ ہونے کا کہنا قبل از وقت ہو گا۔