برسلز ۔۔۔ یورپی یونین کے سربراہان نے مشرقی یوکرین کے تنازع میں کردار پر روس کیخلاف سخت پابندیوں میں توسیع کی منظوری دے دی۔ اس فیصلے کا اعلان گزشتہ روز یورپی یونین کے سربراہ اجلاس کے بعد کیا گیا۔روس کیخلاف موجودہ پابندیاں جولائی 2018ء تک جاری رہیں گی۔یورپی کونسل کے صدرڈونلڈ ٹسک نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ روس کے خلاف معاشی پابندیوں میں توسیع کے معاملے پر یورپی یونین متحد ہے۔پابندیوں میں مالیات، توانائی اور دفاعی صنعتوں کو ہدف بنایا گیا ہے جبکہ یورپی یونین کی منڈیوں تک روس کی رسائی کو محدود کیا گیا ہے جنھیں 2014ء کی موسم گرما میں پہلی بار اْس وقت لاگو کیا گیا تھا جب روس نے یوکرین کے کریمیا کے جزیرے کو ضم کیا تھا۔ تب سے ہر 6 ماہ کے بعد اس میں توسیع کی جاتی رہی ہے۔دوسری جانب یوکرین کے صدر پیٹرو پوروشنکو نے پابندیوں میں توسیع کا خیر مقدم کیا ہے۔