شام۔۔۔شام میں امریکی اتحاد کی حمایت یافتہ اپوزیشن فورسز نے دہشتگرد تنظیم داعش کے 20 جنگجوؤں کو ہلاک جبکہ متعدد کو حرا ست میں لے لیا۔ شام اور عراق میں داعش کیخلاف لڑنے والے اتحاد کا کہنا تھا کہ شامی اپوزیشن گروپ ’مغاویر التہاورا‘ نے ملک کے جنوبی حصے میں حکومت کی حامی فورسز کے زیر کنٹرول علاقے میں جنگجوؤں کا کھوج لگایا۔اتحاد کے بیان میں کہا گیاہے کہ جنگجوؤں کی موجودگی کا کھوج لگا کر مغاویر التہاورا نے اتحادی فورسز کی مدد سے پیشہ ورانہ انداز میں آپریشن کیا۔اتحاد کے آپریشن ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل جوناتھ براگا کا کہنا تھا کہ علاقے میں روس کی حمایت یافتہ اور حکومت کی حامی فورسز کی موجودگی کے باوجود داعش آزادی سے نقل و حمل کا راستہ ڈھونڈ رہی ہے اور خطرہ بنی ہوئی ہے۔آپریشن کے دوران داعش کے متعدد دہشتگردوں کو حراست میں لیا گیاجن میں غیر ملکی دہشتگرد بھی شامل ہیں۔اتحاد کا کہنا تھا کہ علاقے کا 98 فیصد علاقہ جو کبھی داعش کے زیر کنٹرول تھا، اسے دوبارہ حاصل کرلیا گیا ہے۔