Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2017ء میں ٹیکس آمدنی 57ارب ریال ہو گی، الجدعان

    ریاض - - - - -  وزیر خزانہ محمد الجدعان نے واضح کیا ہے کہ 2018ء کے اختتام پر قومی قرضے جی 20میں شامل ممالک کے قومی قرضوں کے مقابلوں میں سب سے کم ہوں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ قومی قرضوں کا گراف نصف ٹریلین ریال کی حد تجاوز کرنے کے باوجود خطرے سے باہر ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر قرضوں کی ضرورت پڑی تو کوئی پریشانی نہیں ہو گی ۔ قرضہ لینا کوئی ہدف نہیں تاہم دنیا بھر کے ممالک قرضہ پالیسی اپنائے ہوئے ہیں، تشویش کی کوئی بات نہیں ۔ محمد الجدعان نے توقع ظاہر کی کہ 2017ء میں ٹیکس آمدنی 57ارب ریال ہو گی ۔ 2016ء کے مقابلے میں 19فیصد زیادہ ہوگی ۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ 2018ء کے بجٹ میں صحت خدمات اور سماجی فروغ کے شعبوں کیلئے 147ارب ریال مختص کئے گئے ہیں ۔ سرکاری اسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز کی تعمیر کا کام مکمل کیا جائیگا ۔ انہیں سامان فراہم ہو گا ۔ فی الوقت مملکت بھر میں 36نئے اسپتال قائم کئے جا رہے ہیں ۔ یہاں بستروں کی مجموعی تعداد 8950ہوگی ۔ علاوہ ازیں 2350بستروں کی گنجائش والے 2میڈیکل سٹیز بھی زیر تکمیل ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ 9اسپورٹس سٹیز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا ۔ ریاض ، جدہ اور دمام میں 3اسٹیڈیموںمیں تبدیلیاں ہوں گی تاکہ آئندہ سال خواتین بھی میچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم آسکیں ۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ بجٹ 2018ء میں اسکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں کیلئے 192ارب ریال مختص کئے گئے ہیں ۔ نئے اسکول قائم ہوں گے ۔ لیباریٹریوں کا بندوبست کیا جائیگا ۔ جامعات ، انسٹیٹیوٹ ، ٹریننگ کالجوں کا بنیادی ڈھانچہ ٹھیک کیا جائیگا ۔ کنگ عبداللہ منصوبہ برائے فروغ جنرل تعلیم نافذ ہو گا ۔ متعدد یونیورسٹیوں میں گرلز کالجوں کو جدید بنانے کا کام جاری رکھا جائے گا ۔

شیئر: