Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکمل دفاعی صلاحیت برقرار رہے گی،پاکستان

راولپنڈی..نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے کسی بھی نوعیت کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی دفاعی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قومی دفاعی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے کے سلسلے میں کوششوں اور کردار پر سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ پڑوس میں عدم استحکام کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے جنوبی ایشیا میں اسٹر یٹجک استحکام برقرار رکھنے کے مقصد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس جمعرات کو وزیراعظم کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں دفاع اور داخلہ کے وفاقی وزراء، چیئرمین جے ایس سی ، مسلح افواج کے سربراہ ،ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ نیشنل کمانڈر اتھارٹی کو ا سٹرٹیجک ماحول سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ اجلاس نے خطے کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کے پڑوس میں ہونیوالے عدم استحکام کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کیا ۔ ان اقدامات میں روایتی ہتھیاروں کے ذخیرے میں اضافہ، ہندوستانی بحری خطے کو جوہری بنانا اور بی ایم ڈی میں اضافے اورتعیناتی کے منصوبے شامل ہیں۔نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے کسی بھی نوعیت کی جارحیت سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے اور اسے فروغ دینے کی پاکستان کی پالیسی کا اعادہ کیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ ذمہ دار ایٹمی ریاست کے طور پر پاکستان جوہری سیکیورٹی میں اضافے اور جوہری عدم پھیلاو کے اقدامات کے حوالے سے عالمی کوششوں میں اپنا با مقصد کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان خطے میں پرامن بقائے باہمی کا خواہاں اور جنوبی ایشیا میں ا سٹر یٹجک استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنے ہمسائیوں کے ساتھ کوششوں کا خواہشمند ہے۔ اجلاس کو نیشنل ا سپیس پروگرام 2047ءاور ایٹمی ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کیلئے نیوکلیئر پاور پروگرام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

شیئر: