دورہ نیوزی لینڈ کیلئے کھلاڑی کیمپ میں طلب
جمعرات 21 دسمبر 2017 3:00
لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 18 ممکنہ کھلاڑیوں کو فٹنس ٹیسٹ کےلئے طلب کرلیا اور ٹیسٹ کے بعد دورہ نیوزی لینڈ کےلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 23 دسمبر سے لاہور میں فٹنس کیمپ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ کیمپ میں مجموعی طور پر 18کھلاڑی شرکت کریں گے۔اعلان کردہ کھلاڑیوں میں کپتان سرفراز احمد، اظہر علی، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، عماد وسیم، محمد عامر، حسن علی، رومان رئیس، عامر یامین، عمر امین، صہیب مقصود، احمد شہزاد اور محمد نواز شامل ہیں۔جنید خان اور عثمان شنواری کی انجری اور دورے سے باہر ہونے کے باوجود وہاب ریاض یا سہیل خان کو کیمپ میں طلب نہیں کیا گیا جبکہ محمد حفیظ اور اظہر علی کا پہلے ہی فٹنس ٹیسٹ ہو چکا ہے۔نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان بگ بیش لیگ میں شرکت کے بعد آسٹریلیا سے نیوزی لینڈ پہنچیں گے جبکہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیم کے حتمی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان فٹنس ٹیسٹ کے بعد کیا جائے گا۔پاکستان ٹیم 6 جنوری سے نیوزی لینڈ میں 5 میچز کی ون ڈے سیریز کھیلے گی جس کے بعد22 جنوری سے تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔