Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دورہ نیوزی لینڈ کےلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان

    لاہور(صلاح الدین حیدر، بیورو چیف) پاکستان کرکٹ بورڈ  کی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ون ڈے  میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔لاہور میںکھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ۔ پی سی بی ہیڈ کوارٹر  میں ٹیم کے اعلان کے موقع پر  میڈیا سے گفتگو کے دوران چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بتایا کہ انجری کا شکار فاسٹ بولرجنید خان کی جگہ عامر یامین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ آل راؤنڈر عماد وسیم کی جگہ محمد نواز کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا  اور سابق کپتان اظہر علی بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم کو گھٹنے کی انجری کی وجہ سے ڈراپ کرنے پر مجبور ہو ئے وہ بہترین کھلاڑی ہیں تاہم انہیں مکمل فٹ ہوتے ہی ٹیم میں شامل کرلیا جائے گا۔چیف سلیکٹر نے بتایا کہ مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود بھی فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔سری لنکاکے خلاف سیریز نہ کھیلنے والے سابق کپتان اظہر علی بھی فٹ ہو کر ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ 2017 پاکستان میں کرکٹ کے لیے اچھا سال ثابت ہوا جبکہ ایسا لگ رہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے کھل رہے ہیں اور بہت جلد ملک میں کھیلوں کے ویران اسٹیڈیمز آباد ہوجائیں گے۔محمدحفیظ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک اچھے بلے باز ہیں اور ان کا بولنگ ایکشن  بہتر کرنے کے حوالے سے بورڈ کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے محمد حفیظ کو بطور بلے باز ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔پاکستان ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، اظہر علی، فخر زمان، انعام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل، فہیم اشرف، شاداب خان، محمد نواز، محمد عامر، حسن علی، عامر یامین اور رومان رئیس شامل ہیں۔ٹیم کے علاوہ دیگر عملے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور،بولنگ کوچ اظہر محمود، فیلڈنگ کوچ اسٹیو رائیزن، فٹنس کوچ گرانٹ لیوڈن، ٹیم منیجر طلعت علی ، ٹیم اینالسٹ طلحہ اعجاز بٹ، میڈیا منیجر عون زیدی اور سیکیورٹی منیجر کرنل (ر) اعظم خان شامل ہیں۔کھلاڑیوں  کی فزیو تھراپی  کے لیے  نیوزی لینڈ کے مقامی فزیو تھراپسٹ کا تقرر کیا جائے گا۔ سیریز کا پہلا معرکہ ویلنگٹن میں 6 جنوری کو ہوگا، دوسرا میچ 9 جنوری کو نیلسن، تیسرا  میچ 13 جنوری کو ڈونیڈن، چوتھامیچ 16 جنوری کو ہملٹن جبکہ پانچواں اور آخری میچ 19 جنوری کو ویلنگٹن میں کھیلا جائے گا۔
 

شیئر: