کابل۔۔۔افغانستان کے دارالحکومت کابل میں حساس ادارے کے عمارت کے قریب خودکش دھما کے کے باعث چھ افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے ۔ افغان حکام کے مطابق دارالحکومت کابل میں قائم خفیہ ایجنسی کے داخلی راستے کے قریب خودکش دھماکہ اس وقت ہوا جب ایجنسی کے ملازمین کی آمد و رفت جاری تھی کہ اچانک خفیہ ایجنسی کے قریب خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ خودکش دھماکے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی ۔ واضح رہے کہ نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی ( این ڈی ایس ) افغانستان کی پرائمری خفیہ ایجنسی ہے جب کہ جس علاقے میں یہ دھماکہ ہوا یہ انتہائی حساس علاقہ ہے ۔ دھماکے کے بعد افغانی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنائی دی جبکہ قریب و جوار میں موجود رہائشی مکانات کی کھڑکیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ۔