گرل فرینڈ سے بریک اپ، انڈیا میں نوجوان کی مچھر بھگانے والی دوا سے خودکشی کی کوشش
نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے اسے ہسپتال پہنچایا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
انڈین ریاست اترپردیش کے شہر آگرہ میں ایک نوجوان نے اپنی گرل فرینڈ سے بریک اپ کے بعد مچھر بھگانے والی دوا پی کر خودکشی کی کوشش کی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب اس نوجوان نے ایک پریشان کن ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں وہ مچھر بھگانے والی دوا پی رہا تھا۔
ویڈیو میں اسے زہریلے مادے کے تین گھونٹ نگلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، اور اس دوران اس کو پیٹ پکڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جب اس کو درد محسوس ہوتا ہے۔
ٹرانس یمنا پولیس سٹیشن کو پولیس کمشنر کے میڈیا سیل سے انسٹاگرام پوسٹ کے بارے میں ایک الرٹ موصول ہوا تھا۔ الرٹ موصول ہونے کے فوراً بعد پولیس کانسٹیبل درگاشنکر اور منوج کمار فوری نوجوان کے گھر پہنچے۔
پولیس نے اس نوجوان کو بچانے کے لیے فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا، جہاں طبی امداد سے اس کی جان بچا لی گئی۔
پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ جب انہوں نے شروع میں دروازہ کھٹکھٹایا تو وہاں سے کوئی جواب نہیں آیا، جس کے بعد انہوں نے دروازہ توڑا، اور اسے فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں علاج کے بعد اس کی حالت میں بہتری آئی۔
پولیس کے مطابق یہ نوجوان ٹرانس یمنا کالونی علاقے کے ستی نگر نارائچ میں کرائے کے کمرے میں رہتا ہے۔ وہ مقابلے کے امتحان کی تیاری کر رہا تھا لیکن مبینہ طور پر اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ حالیہ بریک اپ کے بعد پریشان تھا۔ بریک اپ نے اسے کئی دنوں تک ڈپریشن میں مبتلا رکھا، جس کی وجہ سے اس نے جمعے کی شب زہر پی لیا۔