Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2حقیقی بہنوں کی درخت سے لٹک کر خودکشی

    نوئیڈا- - - -  قومی دارالحکومت سے ملحق  سیٹلائٹ سٹی  نوئیڈا کے سیکٹر 49  میں  2 حقیقی بہنیں  جن کی عمر بالترتیب 18 اور 13 برس بتائی جاتی ہے  درخت سے لٹکی ہوئی پائی گئیں۔  بظاہر ان دونوں لڑکیوں  نے درخت سے لٹک کر خودکشی کی ہے۔  والدین  نے  اس کا الزام  اپنے بھتیجے روی پر  عائد کیا ہے جبکہ  پولیس کا کہنا ہے کہ یہ  غیرت کے نام پر  قتل ہوسکتا ہے تاہم اس واقعہ کی  تفتیش شروع کردی گئی ہے۔  پولیس نے  بتایا کہ منگل کی صبح سویرے  دونوں لڑکیوں کے والدین کی طرف سے  اطلاع ملی تھی کہ  ان کی لڑکیوں کو  کسی نے درخت پر  لٹکا کر ہلاک کردیا ہے۔  نوئیڈا کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس  ارون کمار سنگھ نے بتایا کہ  ابتدائی تفتیش  سے تو یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ لڑکیوں نے اپنی مرضی سے خودکشی کی ہے حالانکہ  ان کے والدین اس بات پر بضد ہیں کہ  دونوں  بچیوں کو قتل کیاگیا ہے۔  والدین نے اس سلسلے میں  کوئی ثبوت  پیش نہیں کیا  اور پولیس کو بھی  لاشوں کے جسم پر ایسے نشانات  نظر نہیں آئے ہیں جن سے یہ سمجھا جاسکے کہ ان پر تشدد کیاگیا ہے۔  صرف  گلے میں پھانسی کا پھندا لگانے  کا نشان ضرور ہے۔  یہی نہیں بلکہ دونوں لڑکیوں  کے جسم پر  ایسے زخم بھی نہیں ہیں جن سے یہ سمجھا جاسکے کہ ان کے ساتھ زور زبردستی کی گئی ہو۔  ارون کمار سنگھ نے مزید بتایا کہ  لڑکیوں کے  والدین  نے اس سلسلے میں اپنے بھتیجے روی کو  موردالزام ٹھہرایا ہے کیونکہ روی  کے سلسلے میں گھر کے اندر  پہلے ہی تنازع چل رہا تھا۔  روی نے  کچھ عرصہ قبل  ایک خاتون  کے ساتھ  راہ فرار اختیار کی تھی اور اس کے ساتھ  باقاعدہ رہنے لگا تھا۔  لیکن  خاتون  کے والدین  تلاش کرتے ہوئے  وہاں پہنچ گئے اور اپنی بیٹی کو  ساتھ لے گئے۔  روی  یہ سمجھتا تھا کہ  لڑکیوں کے والدین نے  اس معاملے کی مخبری کی ہے جس کی وجہ سے خاتون کے والدین کو  اس کے ٹھکانے کا پتہ چل گیا۔  ادھر روی کے  خاندان والوں نے بھی  اس بات کی تصدیق کی ہے کہ لڑکیوں کے والدین  کی مخبری کے باعث ہی  خاتون  روی کے گھر سے چلی گئی۔  اسی بات کو  مدنظر رکھتے ہوئے  والدین نے  الزام لگایا ہے کہ  روی ہی ان کی بچیوں کی خودکشی کا سبب بنا ہے۔

شیئر: