صارفین کو مہنگائی سے بچانے کیلئے 18سرکاری اداروں پر مشتمل آپریشن روم قائم
مدینہ منورہ.... سعودی عرب میں گوناگوں اصلاحات کے دوران صارفین کو ضمیر فروش تاجروں کے حریصانہ عزائم سے بچانے کیلئے 18سرکاری اداروں پر مشتمل مشترکہ آپریشن روم قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ابلاغی مہم بھی چلائی جائیگی۔ اسکی ا سکیم بھی تیار ہوگی۔ آن لائن مشترکہ رابطہ مرکز بھی قائم کیا جائیگا تاکہ مہنگائی کے حوالے سے سامنے آنے والے مسائل کی گتھیاں بروقت سلجھائی جاسکیں۔ مہنگائی سے بچانے کیلئے آپریشن روم کے قیام کی تجویز وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل کو پیش کی تھی۔ وزارت تجارت نے تحفظ صارفین کی مجلس قائمہ کیلئے 22ملین ریال مخصوص کردیئے۔ اس رقم سے آپریشن روم ، رابطہ مرکز اور ”بینہ“ ایپلی کیشن کا نفاد عمل میں لایا جائیگا۔ مقررہ اسکیم کے مطابق تمام سرکاری اداروں کو اس امر کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ ا قتصادی اصلاحات کے نفاذکے مارکیٹ اور صارفین پر اثرات ریکارڈ کریں۔ منفی اثرات سے بچاﺅ کا تصور مرتب کریں۔آپریشن روم میں داخلہ، ماحولیات و پانی و زراعت، تجارت وسرمایہ کاری، تعلیم، مالیات ، بلدیاتی امور، صحت ، محنت ، توانائی اور ٹرانسپورٹ کی وزارتوں کے نمائندے شامل ہونگے۔ علاوہ ازیں محکمہ زکوٰة و آمدنی، محکمہ بجلی و پیداوار، محکمہ سیاحت، انجمن تحفظ صارفین، مسابقتی اتھارٹی، محکمہ شماریات، ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن بورڈ اور سعودی ایف ڈی اے کو بھی شریک کیا گیا ہے۔ ہدایت دی گئی ہے کہ متعلقہ ادارے تحفظ صارفین اسکیم عمل درآمد سے 3ماہ قبل تیار کرلیں۔ صارفین کو انکے حقوق سے آگاہ کیا جائے اور صارفین سے شکایات کی وصولی کے نظام کو موثر کیا جائے۔ رابطہ مرکز کے قیام پر توجہ مرکوز کی جائے۔