Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شہزادہ محمد بن سلمان کو ولیعہد مقرر کرنا2017کی اہم ترین خبررہی

    جدہ(عبد الستار خان) دنیا بھر میں موجود اردو نیوز کے قارئین کا خیال ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز کو ولی عہد مقرر کرنا 2017ء کے دوران سعودی عرب کی اہم ترین خبر تھی۔ قارئین سے سروے  کے ذریعے معلوم کیاگیا تھا کہ 2017ء کے دوران سعودی عرب کی اہم ترین خبر کیا تھی؟سروے میں قارئین نے بے لاگ انداز میں ووٹ دیئے۔ہماری ٹیم نے 10اہم ترین خبروں کا انتخاب کیا تھا۔شرائط کے مطابق ہر قاری 3اہم خبروں کے لئے رائے دے سکتا تھا۔ 19.34فیصد قارئین نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد مقرر کرنے کے فیصلے کو سعودی عرب کی سب سے اہم خبر قرار دیا۔ دوسری اہم ترین خبر خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دینے کا فیصلہ تھا۔ اسے 19.05فیصد ووٹ ملے۔ اہم ترین خبروں کی ترتیب میں انسداد کرپشن مہم میں شہزادوں سمیت نمایاں شخصیات کی گرفتاری تیسرے نمبر پر رہی جسے 18.18فیصد ووٹ دیئے گئے۔غیر متوقع طور پر جس خبر کو غیر ملکیوں کے لئے اہم ترین تصور کیا جارہا تھا وہ ووٹنگ کے لحاظ سے چوتھے نمبر پر رہی ۔یہ خبرغیرملکیوں کے اہل خانہ پر ماہانہ فیس عائد کئے جانے کے حوالے سے تھی ۔ اس خبر کو قارئین نے 16.78فیصد ووٹ دیئے۔ اہم ترین خبروں کی فہرست میں قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات کا خاتمہ پانچویں نمبر پر رہا جسے 6.78فیصد ووٹ ملے۔ خروج وعودہ کی فیسوں میں اضافے کی خبر کو 5.63فیصد ووٹ ملے  چنانچہ چھٹے نمبر پر رہی۔ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے نفاذ کی خبر 5.34فیصد ووٹ لینے پر ساتویں، منتخب اشیاء پر ٹیکس کا نفاذ 3.61ووٹ کے ساتھ آٹھویں، غیر قانونی تارکین کے لئے شاہی مہلت کے اعلان کی خبر 2.6ووٹ کے ساتھ نویں اور ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانوں میں اضافے کی خبر سب سے آخر میں رہی جسے محض 1.44فیصدووٹ دیئے گئے ۔ قابل توجہ امر یہ ہے کہ ووٹنگ میں سعودی عرب کے تمام شہروں میں رہائش پذیر قارئین کے علاوہ دنیا بھر سے لوگوں نے حصہ لیا۔ ووٹ دینے والوں کا تعلق کراچی، لاہور، پشاور، بھٹکل، گوہاٹی،اٹک،منامہ، اوکاڑہ، منگورا، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، بہاول نگر،سرگودھا، فیصل آباد، اسلام آباد، قصور، دوحہ، حیدرآباد دکن، آزاد کشمیر، چترال، سوات اور دیگر متعدد شہروں سے تھا۔
 

شیئر: