Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لالو کو ساڑھے تین سال کی سزا، 5 لاکھ روپےجرمانہ

رانچی۔۔۔۔۔چارہ گھوٹالہ کیس میں قصوروار راشٹریہ جنتا دل کے صدر لالو پرساد یادو اور دیگر 15 ملزمان کے خلاف رانچی کی سی بی آئی عدالت نےہفتہ کو سزا سنا دی ہے۔ لالو پرساد کو جج شیوپال سنگھ نے ساڑھے تین سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔ اگر لالو پرساد جرمانے کی رقم ادا نہیں کرتے  تو انہیں مزید 6 مہینے جیل میں گزارنے ہوں گے۔
اس سلسلے میں لالو پرساد کو ضمانت بھی نہیں ملے گی ۔آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ لالو سمیت سبھی 16 ملزموں نے رانچی کی برسا منڈا جیل میں ایک ساتھ بیٹھ کر جج کا فیصلہ سنا۔ قصوروار پھول چند، مہیش پرساد، بی جولیس، راجہ رام، راجندر پرساد، سنیل کمار، سدھیر کمار اور سشیل کمار کو بھی ساڑھے تین سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ چارہ گھوٹالہ کیس میں ہی ملزم قرار دیئے گئے جگدیش شرما کو 7 سال کی سزا ملی ہے۔سماعت کے دوران سی بی آئی کے وکیل نے قصورواروں کو زیادہ سے زیادہ سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا جب کہ لالو کے وکیل نے خراب صحت کا حوالہ دیتے ہوئے کم سے کم سزا کی اپیل کی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ دیوگھر خزانہ آر سی 64 اے/96 سے 89 لاکھ روپے فرضی طریقے سے نکالے جانے کے معاملے میں آر جے ڈی سربراہ لالویادو سمیت 16 ملزمین قصوروار قرار دیے گئے تھے۔ عدالت نے انھیں 23 دسمبر کو قصوروار ٹھہرایا تھا جس کے بعد سے لالو پرساد رانچی کے برسا منڈا جیل میں بند ہیں۔چارہ گھوٹالے کے معاملے پر لالو یادو اور دیگر پر سی بی آئی نے 5بدعنوانی کے مقدمات قائم کئے تھے، ان میں سے ایک مقدمے میں لالو یادو کو 2013میں 5سال کی سزائے قید ہوئی تھی ، وہ ضمانت پر رہا کردیئےگئے تھے، اب یہ دوسرے مقدمے میں سزا سنائی گئی ہے۔

شیئر: