کراچی..... سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا ہے کہ یکم جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ٹویٹ سمجھ سے بالاتر ہے، امریکی سفارتخانہ اس کی وضاحت کرے۔ کراچی میں آئی بی اے کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ یکم جنوری کو ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی گئی ٹویٹ سمجھ سے بالاتر ہے۔ اسی روز ایک ٹویٹ ایران پر بھی ہوا تھا کیا امریکی صدر صبح کے 4 بجے دونوں ممالک کے بارے میں سوچ رہے تھے، اب یہ دیکھنا ہوگا کہ کیا یہ ٹویٹ امریکی پالیسی کا تعین کرتی ہے یا امریکن پالیسی پر ٹرمپ ٹویٹ کرتے ہیں امریکی سفارتخانہ اس بیان کی وضاحت کرے۔ تہمینہ جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں لیکن امریکہ خطے کا توازن بنانے کے لئے چین کے خلاف ہند کی مدد کررہا ہے ۔ ہند بڑی طاقت بننے کی کوششیں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت تعلقات بڑھانا نہیں چاہتی بلکہ ہند، پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہے اور اس کے لئے افغانستان کی زمین استعمال کی جارہی ہے۔