واشنگٹن..... امریکی محکمہ دفاع طرح طرح کے سامان ضرب و حرب کی تیاری میں مسلسل مصروف ہے او راب محکمہ دفاع کے ذمہ داران کاکہناہے کہ ایک ایسا چمگادڑ صفت ڈرون تیار کررہے ہیں جو لیزر کی طاقت سے چلے گا اور کسی انسانی مدد کے بغیر خود ہی بروقت اہم فیصلے کرسکے گا۔ اس ڈرون کی تیاری میں مصروف سائنسدانوں کا کہناہے کہ انہوں نے چمگادڑوں کے علاوہ بعض کیڑے مکوڑوں سے بھی ان کی بعض خصوصیات کو اپنے تجربات میں شامل کیا ہے اور جن کی مدد سے وہ یہ سمجھتے ہیں کہ آئندہ کارگر اور موثر ڈرونز تیا رکرسکیں گے اور میدان جنگ میں فوری کارروائیوں کیلئے ضروری فیصلے از خود کرسکیں گے۔ محکمہ دفاع نے اس سال کے مقابلے کے لئے حساسیت ، خود کاری اور فعالیت تینوں چیزوں کو مرکز نگاہ بنایا ہے۔ یہ سارا کام محکمہ دفاع کے نئے منصوبے کے تحت ہورہا ہے۔ جسے ’’ڈیسی ‘‘کا نام دیا گیا ہے۔ اس تجرباتی مرحلے کے بعد تعمیر ہونے والے نئے ڈرونز کو کچھ اور خصوصیات کا بھی حامل بنایا جائیگا۔ اسے چلانے اور استعمال کرنے کے لئے کسی انسان کی برائے نام ضرورت پیش آسکتی ہے ویسے یہ کام خود ڈرون کرنے کے قابل ہوگا۔ اس حوالے سے تمام دیگر تفصیلات ڈیفنس ون نامی ویب سائٹ پر دیکھی جاسکتی ہیں۔