منگل9جنوری 2018ءکو سعودی عرب سے شائع ہونے والے عربی اخبار ”عکاظ“ کا اداریہ:۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے واضح الفاظ میں ہدایت جاری کی ہے کہ مقامی بینک سعودی شہریوں کو دیئے جانے والے الاﺅنس اور معاوضہ جات سے اپنا کوئی بھی مطالبہ پورا کرنے کی جسارت نہ کریں۔ شاہ سلمان نے یہ ہدایت فرزندان وطن کے ضروری مفادات کے تحفظ کی خاطر جاری کی۔
اس ہدایت کی بدولت معاشی اخراجات اور معاشی تقاضوں سے نمٹنے کے سلسلے میں عوام کیلئے جاری کئے جانے والے شاہی فرامین کا پیکیج منطقی انجام کو پہنچ گیا۔
شاہی ہدایت کی تقویت کے لئے نگراں اداروں کو اپنا کرداراحسن شکل میں انجام دینا ہوگا۔ خصوصاً وزارت تجارت و سرمایہ کاری اور میونسپلٹیوں کے عہدیداروں کو دفاتر سے باہر نکل کر فیلڈ میں آکر استحصال پسند تاجروں اور سرمایہ کاروں پر نظر رکھنا ہوگی۔ کسی کو بھی اشیاءاو رخدمات کے نرخ بڑھانے سے روکا جائے۔ معاشی اخراجات میں اضافے کا چکر چلانے سے باز رکھا جائے۔
بازاروں کی نگرانی اور تشہیر کی حد تک سزاﺅ ںپر عمل درآمد پوری قوت سے ضروری ہے۔ جو شخص بھی حد سے تجاوز کرے۔ جو تجارتی ادارہ بھی صارفین کے استحصال کی جسارت کرے، اسے پوری قوت سے روکنا ہوگا۔ اسی طرح عوام کو ضمیر فروشوں اور راتوںرات دولت بٹورنے والوں کے حریصانہ عزائم سے تحفظ فراہم کیا جاسکے گا۔
وزارت تجارت نے اس حوالے سے جو انتباہ دیا ہے وہ امید افزا ہے۔ مقامی شہریوں کو پوری قوت کیساتھ، ساتھ دینا ہوگا تاکہ سعودی بازاروں میں معقول اور متوازن نرخوں کا ماحول برقرار رکھا جاسکے۔
٭٭٭٭٭٭٭