Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسپینش کپ: بارسلونا کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

بارسلونا:لائنل میسی کی طرف سے2منٹوں میں 2گولز کی بدولت بارسلونا کی ٹیم نے سیلٹا ویگو کے خلاف0-5سے کامیابی حاصل کرکے اسپینش کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے مرحلے کا میچ1-1 گول سے برابر رہا تھا ۔ ہوم گراونڈ پرپہلے مرحلے کے میچ میں سیلٹا ویگو نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور توقع تھی کہ وہ اس میچ میں بھی بارسلونا کو پریشان کر سکتی ہے لیکن دفاعی چیمپیئن نے اسے سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں اور میچ بالکل یکطرفہ رہا۔لائنل میسی نے میچ کے13اور15منٹوں میں یکے بعد دیگرے 2گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جسے پہلے ہاف کے ختم ہو نے سے قبل سواریز اور ایلبا نے0-4تک پہنچا دیا۔ سیلٹا ویگو کی دفاعی لائن ان اسٹار کھلاڑیوں کے سامنے بالکل ناکام نظر آئی ۔ پہلا ہاف بارسلونا کی بڑی برتری کے ساتھ اختتام کو پہنچا اور توقع تھی کہ اس ٹورنامنٹ کی دفاعی چیمپیئن ٹیم دوسرے ہاف میں مزید گول کرے گی اور یہ میچ بڑے اسکور کا حامل رہے گا تاہم دوسرے ہاف میں سیلٹا ویگو نے نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور بارسلونا کو صرف ایک گول کرنے کا موقع دیا ۔ یہ گول ایوان ریکٹک کے حصے میں آیا۔ اس میچ کے دوران لائنل میسی کو دوسرے ہاف میں باہر بلایا گیا اور ان کی جگہ کلب کے ساتھ معاہدہ کرنے والے عثمان ڈیمبیلے کو میدان میں اتارا گیا۔ عثمان100ملین پونڈ کے عوض بارسلونا کا حصہ بنے ہیں ۔ ایک اور نئے کھلاڑی فلپے کوٹنہو بھی تماشائیوں میں موجود تھے جو 145ملین پونڈ کا معاہدہ کرکے ہسپانوی کلب کا حصہ بنے ہیں۔ وہ پوری طرح فٹ نہیں اس لئے رونمائی کے باوجود ابھی ٹیم کا حصہ نہیں بن سکے۔سیلٹا ویگو کلب یوروپا لیگ کی فائنلسٹ ٹیم ہے جبکہ اس نے رئیل میڈرڈ کے خلاف بھی برابر کھیل کر اسے قیمتی پوائنٹس سے محروم کیا تھا لیکن بارسلونا کے سامنے اس ٹورنامنٹ میں دوسری مرتبہ کھیلتے ہوئے وہ صرف 35منٹ میں آوٹ کلاس ہو گئی۔ 

شیئر: