Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2020ء میں2 کروڑ معتمرین کی آمد متوقع، موثر انتظامات کئے جائیں، ورکشاپ

مکہ مکرمہ.... محکمہ سیاحت و قومی آثار کے زیر اہتمام منعقدہ ورکشاپ کے شرکاءنے مطالبہ کیا ہے کہ 2020 ءمیں2 کروڑ معتمرین کی آمد متوقع ہے۔ موثر انتظامات کئے جائیں۔ عمرہ پر آنے والوں کو سیاحتی پیکیج دے کر عمرہ کمپنیوں کے انتظامات کے موثر ہونے کا پتہ لگایا جائے۔ © " سعودی عرب مسلمانوں کی منزل"کے زیر عنوان خصوصی ورکشاپ کا اہتمام پیر کو مکہ مکرمہ میں کیاگیا۔ وزارت حج و عمرہ ، وزارت داخلہ ، ہوٹلوں ، سیاحتی و عمرہ کمپنیوں اور سیاحتی پروگرام منظم کرنے والے اداروں کے 150 سے زیادہ عہدیدار اور ماہرین شریک ہوئے۔ سعودی کابینہ نے قومی سیاحتی حکمت عملی جاری کی تھی ، مذکورہ ورکشاپ اسی حکمت عملی کا آئینہ دار ہے۔ مکہ مکرمہ میں محکمہ سیاحت و قومی ورثے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فیصل الشریف نے بتایا کہ گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل اور سربراہ محکمہ سیاحت ام القریٰ میں محکمہ کی جملہ سرگرمیوں اور پروگراموں کی سرپرستی کررہے ہیں۔ انہوں نے ورکشاپ کے محرکات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ اس کا مقصد رائے عامہ کو اس روشن حقیقت سے آگاہ کرنا ہے کہ سعودی عرب مسلمانان عالم کی پہلی منزل ہے ۔ اگر معتمرین کو مملکت کے مختلف صوبوں اور شہروں کی سیاحت کا موقع دیا گیا اور معتمرین اور زائرین مملکت کے مختلف علاقوں اور شہروں کی سیاحت کرائی گئی ، انہیں مملکت کے ثقافتی اور سماجی اداروں سے جوڑا گیا تو ایسی حالت میں یہ لوگ مملکت اور اس کے عوام کی بابت مثبت جذبات لے کر جائیں گے۔ یہاں کا صحیح تعارف ہوگا۔ اس سے ہر سطح پر مملکت میں ترقی ہوگی۔ ورکشاپ کا مقصد مملکت کے مختلف علاقوں میں موجود سیاحتی خصوصیات کو اجاگر کرنا بھی ہے۔ یہ ورکشاپ منصوبہ بند طریقے سے عمل میں لایاگیا ہے۔ ورکشاپ کے شرکاءنے توجہ دلائی کہ مملکت کے سیاحتی و ثقافتی مراکز سے معتمرین کو متعارف کرانے کے نتائج بہت اچھے ملیں گے۔ توقع ہے کہ 2020 ءمیں دو کروڑ معتمرین ارض مقدس پہنچیں گے۔ ان کی آمد سے ایک تا 6 ارب ریال کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ ہزاروں ملازمتیں پیدا ہونگی۔ اس کی بدولت سعودی ویژن 2030 کے اہداف پورے ہونگے۔ سیاحت سے قومی پیداوار بڑھے گی۔ بیروزگاری کی شرح کم ہوگی۔ ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ 2020 ءتک ہمارا محکمہ مملکت کے تمام شہروں اور کمشنریوں میں 85 سیاحتی پروگرام جدید خطوط پر استوار کرلے گا۔

شیئر: