ریاض.... سعودی اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی آرگنائزیشن نے واضح کیا ہے کہ صارفین بجلی کا خرچ کم کرانے والے جعلی آلات استعمال نہ کریں۔ بعض تاجر پاور سیور ڈیوائس سوشل میڈیا کے توسط سے فروخت کررہے ہیں۔ صارفین کو یہ یقین دلا رہے ہیں کہ انکی بدولت بجلی کا خرچ 40فیصد تک گھٹ جائیگا۔ آرگنائزیشن نے توجہ دلائی کہ یہ معمولی درجے کی الیکٹرانک ڈیوائس ہے۔ بجلی کے خرچ میں کمی بیشی پر انکا کوئی اثر نہیں۔ آرگنائزیشن کے ماتحت ریسرچ اینڈ اسٹڈیز سینٹر نے حقیقت حال جاننے کیلئے اس حوالے سے تفصیلی تجرباتی مطالعہ کرلیا ہے۔ سینٹر نے کئی اداروں کے تعاون سے مذکورہ آلات کا ہمہ جہتی مطالعہ کیا ۔ جائزہ نگاروںنے بتایا کہ اس قسم کے آلات سے بجلی کے خرچ میں کوئی کفایت شعاری نہیں ہوتی۔ جو لوگ اس کے برعکس دعویٰ کررہے ہیں انکا مقصد صارفین سے پیسے اینٹھنے کے سوا کچھ نہیں۔ آرگنائزیشن نے صارفین کو مشورہ دیا کہ وہ بجلی کے بل میں تخفیف کیلئے بجلی کم خرچ کریں۔ خود کو اسکا عادی بنائیں۔ اسٹینڈرڈ رآرگنائزیشن کے جاری کردہ برقی آلات ہی استعمال کریں۔ گیزر اور ایئرکنڈیشن کی اصلاح و مرمت وقتاً فوقتاً کراتے رہیں۔ انہیں24سینٹی گریڈ پر رکھیں۔