مظفر نگر ۔۔۔۔پورقاضی تھانہ علاقہ میں ایک دلت نوجوان ویپن کوشرپسندوں نے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے علاقےمیں ہنگامہ برپا ہوگیا۔ دلت اور دیگرتنظیموں کی طرف سے ہوئے مظاہرے کے بعد یہ انتباہ دیا گیا ہے کہ اگر جلد ہی واردات میں ملوث افراد کو گرفتار نہ کیا گیا تو وہ بڑی تحریک چلائی جائیگی۔پورقاضی علاقہ کے گاؤں کلن پور کے رہنے والے ویپن کی پٹائی کا واقعہ 14 جنوری کو پیش آیا جب وہ بائیک کے ذریعہ دکان سے گھر لوٹ رہا تھا۔ راستہ میں کچھ لوگوں نے اس پر دیوی دیوتاؤں کی تصاویر پھاڑنے کا الزام لگاتے ہوئے اسے زدوکوب کرنا شروع کردیا۔ویپن کو زخمی حالت میں علاج کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ شرپسندوں نے تشدد کی کارروائی کا وڈیوسوشل میڈیا پر ڈال دیا۔ وڈیو وائرل ہوتے ہی دلتوں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ۔دلت تنظیم بھیم آرمی نے اس واقعہ کے خلاف پور قاضی میں احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا ۔ دلتوں نے دھمکی دی ہے کہ اگر 17 جنوری تک پولیس نے ملزمان کو گرفتارنہ کیا تو وہ ریاست تحریک چلائیں گے۔