ریاض..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے معیشت کو سہارادینے، آزمائش کی گھڑی میں اپنے بھائیوں کا ساتھ دینے ، حوثی باغیوں کی خانہ جنگی اور آئینی حکومت کے خلاف بغاوت سے رونما ہونے والے تباہ کن اثرات کم کرنے اور بنیادی ضرورتوں کی فراہمی کیلئے یمن کے مرکزی بینک میں 2ارب ڈالر جمع کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ اس سے قبل یمنی صدر عبدربہ منصور ھادی نے سعودی ولی عہد نائب وزیراعظم ووزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے فون پر رابطہ قائم کیا تھا۔ یمنی صدر نے اپنے ملک کو درپیش اقتصادی چیلنجوں سے آگاہ کرتے ہوئے مملکت کی تائید و حمایت اورغیر معمولی مسلسل تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ محمد بن سلمان نے انہیں اطمینان دلایا کہ مملکت ماضی کی طرح حال و مستقبل میں بھی یمن کی تائید و حمایت جاری رکھے گی اور درپیش چیلنجوں سے نمٹنے میں تعاون دیگا۔ انہوں نے کہا کہ یمن کی قومی معیشت زندگی کے تمام شعبوں میں درپیش بحرانوں سے نجات پاجائیگی۔ سعودی عرب اس سے قبل ایک ارب ڈالر یمن کے سینٹرل بینک میں جمع کراچکا ہے۔ اس طرح یمنی بینک میں سعودی عرب کی جانب سے جمع شدہ رقم 3ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ مملکت نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ یمن کے تعمیراتی و ترقیاتی منصوبوں میں بھی سرمایہ لگا رہا ہے۔ روز اول سے انسانی بنیادوں پر بنیادی ضرورت کا سامان بھی لگاتار بھجوایا جارہا ہے۔ شاہ سلمان مرکز برائے امدا د و انسانی خدمات عالمی ادارہ صحت کی اپیل پر 22ملین ڈالر سے زیادہ کا عطیہ پیش کرچکا ہے۔ اسکی بدولت عالمی ادارہ صحت ابین، عدن ، الضالع، المہرہ، شبوة ، لحج، حضر موت تعز، الجوف، معارب اور سوقطرہ صوبوں میں اسپتالوں کو بنیادی طبی لوازمات اور 120میٹرک ٹن دوائیں فراہم کرنے میں کامیاب ہوسکا۔25 موبائل میڈیکل ٹیمیں اور ابتدائی طبی نگہداشت کی 12ٹیموں کا بندوبست کیا گیا۔ شاہ سلمان مرکز نے 2016 ءمیں ایک کروڑ یمنی ماﺅں بچوں اور مردوں کو مختلف صحت خدمات فراہم کیں۔ شاہ سلمان مرکز 3بین الاقوامی اور3مقامی این جی اوز کی شراکت سے یمن میں خواتین، بچوں اور عورتوں کو صحت نگہداشت کی سہولتیں بھی فراہم کرچکا ہے۔