Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلمان اپنے گھروں میں قران اور سیرت طیبہ پڑھنے اور سنانے کا اہتمام کریں،مولانا جمال الرحمان

مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھراپردیش و جمیع حفاظ جدہ کی جانب سے جلسہ سیرت محسن انسانیت صلی اللہ علیہ وسلم سے مولانا بانعیم اورعلماء کا خطاب
* * * امین انصاری۔ جدہ* * *
 مسلمان اپنے گھروں میں قران اور سیرت طیبہ پڑھنے اور سنانے کا اہتمام کریںتاکہ ہماری نسلِ نو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات سے آگہی حاصل کریں ۔ ان خیالات کا اظہار صدر مجلس تحفظ ختم نبوت و دینی مدارس بورڈ تلنگانہ و آندھراپردیش مولانا شاہ جمال الرحمن نے مجلس علمیہ تلنگانہ و آندھراپردیش و جمیع حفاظ جدہ کی جانب سے منعقدہ جلسہ سیرت محسن انسانیت  صلی اللہ علیہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
    مولانا نے کہا کہ آج کا مسلمان جدید ٹیکنالوجی کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے دین اسلام سے دور ہورہا ہے۔ ہر شخص کے ہاتھ میں موبائل اور انٹرنیٹ نے گمراہیوں کے دلدل میں دھکیل دیا ہے ۔معاشرے میں پھیلنے والی برائیوں کو عیب نہیں سمجھا جارہا بلکہ اسے ماڈرن دور کا نام دیا جارہاہے ۔اخلاقی گراوٹ عام ہوتی جارہی ہے ۔عزیز و اقارب ، دوست احباب تو دور والدین کی قدریں ختم ہوتی جارہی ہیں۔ ایسے پُرآشوب دور میں ضرورت ہے کہ ہم اللہ کی کتاب قرآن مجید اور اللہ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے احکامات کا پرچار کریں اور اپنے گھروں میں کچھ منٹ کیلئے پابندی کے ساتھ تلاوت کلام پاک و ذکر رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا اہتمام کریں تاکہ معاشرتی برائیوں کا خاتمہ ہوسکے
    مولانا محمد بانعیم (امام مسجد عبدالرحمن، جدہ )نے مجلس علمیہ کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ مجلس علمیہ ملی بیداری ، مدارس میںدینی علوم کے فروغ اور ملت اسلامیہ کو اہل حق علماء سے جوڑے رکھنے کی گزشتہ 48  سال سے جہدِ مسلسل کررہی ہے ۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ جدہ میں بھی مجلس علمیہ کی ملی بیداری کے پروگرام منعقد کریں گے جس میںعلمائے کرام ، دانشور اور سیاستدانوں سے استفادہ حاصل کیا جائے گا ۔
    حافظ امجد اور حافظ مسعود نے جمیع حفاظ و علمائے جدہ کی جانب سے مولانا محمد بانعیم کو نائب ناظم مجلس علمیہ بنائے جانے پر شال پوشی کرکے تہنیت پیش کی۔صدر مدرس مدرسہ مرکز عبداللہ بن عمر جدہ مولانا محمد یوسف نے مہمان خصوصی مولانا شاہ محمد جمال الرحمن کی شال پوشی کی ۔
    تقریب میں مولانا مفتی عمر ندوی(امام مسجد سلیمانیہ، جدہ) ،مولانا عابد ندوی (امام مسجد شریفہ ،جدہ )مولا ناخواجہ نذیر احمد ( ناظم مدرسہ عائشہ نسواں،حیدرآباد )، مولانا محمد فرقان مکی اور حفاظ و علمائے کی کثیر تعداد موجود تھی ۔
    تقریب کے آغاز پر محمد عبدالحشیر اور محمد انس نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ سید حمید الدین نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم پیش کی ۔ راقم الحروف نے نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔

شیئر: