اسلام آباد ...سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ریفرنس پر ریفرنس لائے جا رہے ہیں اب ایسے نہیں چلے گا۔ نیب کب تک ثبوتوں کی تلاش میں رہے گا ۔ثبوت نہیں مل رہے تو کیس ختم کیا جائے۔ اب شہباز شریف کے خلاف بھی ریفرنس بنائے جا رہے ہیں ۔ سڑک بنانے پر شاباش ملتی ہے جبکہ یہاں ریفرنس بنائے جا رہے ہیں۔ منگل کو احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام ریفرنسز ہمارے خلاف ہی بن رہے ہیں۔ ملک وقوم کے لئے مشکلات اور تکالیف اٹھا رہا ہوں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کو ہم نے اور قوم نے قبول نہیں کیا۔فیس سیونگ کیلئے احتساب عدالت سے سزا دلوائی جا رہی ہے۔واٹس اپ کال سے لیکر اب تک انصاف نہیں کیا جا رہا۔ ایسے فیصلے انتشار کا باعث بنتے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہم تو عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں جبکہ آمروں کو کٹہرے میں لانے کی کسی کو جرات نہیں۔جس نے آئین توڑا وہ ملک سے بھاگا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے لئے جنگ لڑ رہا ہوں، مسلم لیگ ن مکمل متحد اور یکسو ہے۔