اداکارہ وماڈل نیلم منیر نے کہا ہے کہ فلم اورٹی وی کے میڈیم میں کام کرنے والے فنکاروں کو تقسیم کرنے کے بجائے اگرصرف پاکستانی سمجھاجائے توزیادہ اچھا ہو گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں نیلم منیر نے کہا کہ ٹی وی کے فنکاروں نے لالی وڈ کو ہمیشہ اپنی عمدہ کارکردگی اور شان دار پرفارمنس سے مقبولیت دلوائی۔دور حاضر میں بھی ٹی وی فنکاروں کی کارکردگی بے حدنمایاں ہے ۔ میں بھی فلم میں کام کر چکی ہوں لیکن میری اصل پہچان توٹی وی سے ہی ہے۔ اس لئے فلموں کے ساتھ ٹی وی ڈراموںمیں بھی اداکاری کا سلسلہ جاری رہے گا کیونکہ میں خود کو کسی ایک میڈیم تک محدود نہیں رکھنا چاہتی۔ جب وقت بدلتا ہے توپھرسب معاملات راہ راست پرخود بخود آنے لگتے ہیں۔ اب پاکستان فلم انڈسٹری کے اچھے دن شروع ہو چکے ہیں، وہ فنکارجویکسانیت اور ایک جیسے موضوعات پربنائی جانے والی فلموں سے ناراض ہوکردورچلے گئے تھے، وہ آہستہ آہستہ واپس لوٹ رہے ہیں۔