اسلام آباد...وزیردفاع خرم دستگیر خان نے کہاہے کہ امریکہ افغانستان میں گزشتہ16 برس کی ناکامیوں کاذمہ دارپاکستان کو قراردے رہاہے۔برسلزمیں میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ افغان سرحد کے ساتھ باڑ لگانے کی ایک وجہ پاکستان پر مسلسل الزام تراشیاں تھیں۔ داخلی سلامتی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں غیرمستحکم صورتحال سے پاکستان کو مسلسل بدامنی کاسامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ یورپی ممالک امریکہ کو ہمارے موقف سے آگاہ کریں جو اس وقت پاکستان کے موقف کااحترام نہیں کررہا۔انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری کے باعث پاکستان اپنی جغرافیائی حیثیت سے استفادہ کرنے کی پوزیشن میں آ گیا۔ پا کستان دنیا کی تیزی سے ابھرتی ہوئی کنزیومر مارکیٹ بن گیا ہے۔دریں اثناءخرم دستگیر نے کہا ہے کہ مضبوط جمہوریت دہشت گردی کے خلاف بہترین تحفظ ہے ۔پاکستان میں جمہوریت کے استحکام سے دہشت گردی کے واقعات پر قابو پانے میں مدد ملی ۔ داخلی امن اور سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے ساتھ گزشتہ چند سالوں میں معیشت میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان میں امن کے لئے ناگزیر ہے۔