Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قریب المرگ چینی دوشیزہ نے روایتی شہزادیوں جیسی شادی کا خواب پورا کرلیا

بیجنگ....  زندگی میں  انسان طرح طرح کے ارادے کرتا ہے، خواب دیکھتا ہے، انکی تعبیر ڈھونڈتا ہے اور اس کوشش میں رہتا ہے کہ مرنے سے قبل اسے اس کے خواب کی تعبیر مل جائے یا وہ کچھ بن جائے جو وہ بننا چاہتا ہے۔ اسی قسم کی خواہش میں مبتلا ایک چینی خاتون نے جو بچپن سے اپنے شاندار مستقبل کے خواب دیکھ رہی تھی اور اس کی خواہش تھی کہ وہ کہانیوں کی شہزادی کی طرح خود بھی بڑے دھوم دھام سے بیاہی جائے۔ مگر اس کا خواب اس وقت بکھرتانظر آیا جب ڈاکٹرو ں نے اسے سرطان زدہ قرار دیا اور میڈیکل چیک اپ سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ یانگ شنیانگ نامی 21سالہ لڑکی پر نہ صرف سرطان حاوی ہوتا جارہا ہے بلکہ اسکے جسم میں خون کی بھی شدید کمی واقع ہوگئی ہے اور سچ تو یہ تھا کہ اس کے جسم میں ِخون بننا اور مختلف اعضاء میں حسب ضرورت خون کا پہنچنا ناممکن ہوگیا تھا۔یانگ کے خواب جب ریزہ ریزہ ہوکر بکھرتے نظر آئے اور اسے یقین ہوچلا کہ اسکی زندگی کے دن کم رہ گئے ہیں تو اس نے موت کے ڈرسے نہیں بلکہ خواب تشنہ تعبیر رہنے کی وجہ سے رونا دھونا شروع کردیا تو اسکے بھائی اور کچھ ہمدرد لوگوں نے اسکی اس دیرینہ خواہش کو آخری وقت میں پورا کرنے کا فیصلہ کیا اور اسکے لئے شادی کی ایک شاندار تقریب کا  اہتمام کیا جو ہر اعتبار سے شاندار تھی۔ اسے انتہائی اعلیٰ معیار کے عروسی ملبوسات پہنائے گئے اور زیورات سے آراستہ کیا گیا مگر ساری کہانی کا اہم کردار جو اسکا دولہا ہوسکتا تھا کہیں نظرنہیںآیا۔ بہرحال شادی کی اس مصنوعی تقریب نے  بھی یانگ کو خوش کردیا او راس نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ وہ بچپن سے سفید عروسی لباس پہننے کا خواب دیکھ رہی تھی۔ اس کام میں اس اسپتال کے عملے نے بھی مدد کی جہاں اسکا علاج ہورہا تھا اور پھر فلاحی ادارے کے کارکنوں نے بھی ہاتھ بٹایا اور اس طرح یہ تقریب مکمل ہوئی۔ شادی کی تقریب کی وڈیو جاری ہوتے ہی بیحد مقبول ہوگئی ہے اور ا س سے یہ سبق بھی ملتا ہے کہ کسی کی دلی خواہش کا پورا کرنا یا پورا ہونا انسانیت کیلئے کتنی اہمیت رکھتا ہے۔

شیئر: