پشاو ر... عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی نے کہا ہے کہ 7دن کے اندر مردان کی معصوم عاصمہ کے قاتل گرفتار نہ ہوئے تو اے این پی اس کے خلاف میدان میں ہوگی۔ ڈی آئی خان ، مردان اور نوشہرہ میں ہونے والے کمسن بچیوں کے ساتھ زیادتی واقعات کی ایف آئی آراز کا نہ کاٹنا صوبائی حکومت کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ باچا خان اور ولی خان سے جمہوریت کا سبق سیکھا ہے۔اے این پی نے کبھی کسی غیر جمہوری عمل کا ساتھ نہیں دیا ۔ آج پھر ملک میں جمہوریت کو خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ کوئی بھی غیر جمہوری عمل ہوا تو اے این پی اس کے خلاف مزاحمت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایک شخص پارلیمنٹ پر لعنت بھیج رہا ہے جبکہ خود بھی اسی پارلیمنٹ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکنو کریٹ اور قومی حکومت کی افواہیں گردش کر رہی ہیں اور یہ کسی طور ملک کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام حکومتوں کو اپنی مقررہ میعاد پوری کرنی چاہئے۔انہوں نے فضل الرحمان اور اچکزئی پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ ساڑھے4 سال تک وفاق میں حکومت کا ساتھ دینے والے مولانا اب الیکشن کے قریب آتے ہی مجلس عمل کیلئے میدان میں آگئے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر اسلام آباد کی سیاست کی جا رہی ہے۔