وزیر اعظم کی پاکستانی کپتان سرفراز احمد کو ٹیلی فون پر مبارکباد
اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ٹیم کے کھلاڑیوں کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر پوری قوم کو فخر ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کی صلاحیت اور محنت کا واضح ثبوت ہے۔ دریں اثناء وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار فتح حاصل کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے ۔ایک بیان میں وزیرمملکت نے کہاہے کہ دنیا بھر میں پاکستانیوں کےلئے یہ فخر کا لمحہ ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم نے سبز ہلالی پرچم کو پوری دنیا میں بلند کیا، ملک کا امن بحال ہوا اور کھیلوں کے میدان آباد ہوئے جس سے کھلاڑیوں کو نکھر کر سامنے آنے کا موقع ملا۔