اسلام آباد... پاکستان نے کابل میں ملٹری اکیڈمی پر دہشت حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں ہلاک ہونے والی قیمتی جانوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دفترخارجہ سے جاری بیان میںکہا گیا کہ پاکستان کا دل اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔انکے دکھ درد کو محسوس کرتے ہیں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں انکے ساتھ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی ہر قسم کی شدید مذمت کرتا ہے ۔خصوصا گزشتہ ہفتے کے دوران کابل میں ہونے والے حملوں پر شدید تشویش ہے۔ بیان میںکہا گیا کہ پیغام پاکستان فتوی میں ہرقسم کے خود کش حملے ، اور دہشتگردی کو غیراسلامی قراردیاگیا جس میں پاکستان کے تمام فرقوں کے 1800علماءدین نے اتفاق کیا۔پاکستان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام ریاستوں کے درمیان باہم رابطوں اور موثر تعاون کی اشد ضرورت ہے ۔