الجوف.... وزارت محنت کی ریجنل تفتیشی کمیٹی کے ڈائریکٹر عبدالمجید العنزی کا کہنا ہے کہ سکاکا شہر کی گولڈ مارکیٹ میں سعودائزیشن کا 100 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے ۔ سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے العنزی نے مزید کہا کہ وزارت کی جانب سے آئندہ برس تک مزید پیشوں کےلئے سعودائزیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو خوش آئند ہے ۔ جس طرح موبائل مارکیٹ اور اسکے بعد سونے کے زیورات فروخت کرنے والی دکانوںمیں سعودائزیشن کا ہدف مکمل کر لیا گیا اسی طرح دیگر شعبوں میں بھی مقامی نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کےلئے وزارت محنت کی ٹیمیں انتہائی مستعدی سے کام کرتی رہیں گی ۔ العنزی نے مزید کہا کہ الجوف ریجن میں وزرات محنت کی ٹیموں نے مختلف مارکیٹوں کے دورے کئے جن کا مقصد سعودائزیشن کو کامیاب بنانا اور مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ گزشتہ ماہ کے دوران تفتیشی ٹیموں نے مختلف مارکیٹوں اور تجارتی اداروں میں 643 دورے کئے تاکہ سعودی نوجوانوں کے لئے مختص کی جانے والی اسامیوں کی خلاف ورزیاں ریکارڈ کی جاسکیں ۔ العنزی نے مزید کہا کہ تفتیشی ٹیمیں اپنے دورے جاری رکھیں گی ۔