قدسیہ ندیم لالی/تصاویر : ضیاءصدیقی، پراگ پاٹِل، مسعود جمال
ٹوسٹ ماسٹرز انٹرنیشنل ، ایک ایسا ادارہ ہے جہاں ہر رکن کی شخصیت سازی اور زبان و بیان کے فن کو ٹوسٹ ماسٹرز اصولوں کے تحت نکھارنے کی تربیت کی جاتی ہے۔یوں تو ٹوسٹ ماسٹرز انٹرنیشنل کے سعودی عرب کے شہروں میں کئی زبانوں کے کلب موجود ہیں ، اردو ٹوسٹ ماسٹرز کا دوسرا کلب منطقہ شرقیہ کے شہر الخبر میں گزشتہ6 سال سے مسلسل اپنی ترقی کے مدارج طے کر رہا ہے ۔ہر 6 ماہ پر صاف شفاف انتخابات اور منتخب مجلس عاملہ کے اراکین پوری تندہی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں منہمک ہوجاتے ہیں۔
سابقہ میعاد کی منتخب مجلسِ عاملہ کا آخری اجلاس ہوا۔اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب کے صدر ٹوسٹ ماسٹر سردار شریف اپنی منفرد کاوشوں کے پیشِ نظر مقررہ میعاد میں کافی مقبول و معروف رہے۔یہ اجلاس اسی منفرد نوعیت کو ملحوظ رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیاتھا۔
ٹال ٹیل مقابلے میں 6مقررین نے حصہ لیا۔ یہ مزاحیہ تقریری مقابلہ ہے جس میں مقرر کو شیخ چلی کے انداز میں لمبی لمبی ہانکنے اور محفل کو ہنسے مسکرانے پر آمادہ کرنا ہوتا ہے۔ججز کا انتخاب کسی دوسرے کلب کے سینیئرافراد میں سے کیا جاتا ہے جو ظاہر نہیں کئے جاتے۔
مسابقے کے نتائج کا اعلان چیف جج ڈی ٹی ایم زاہد شیخ نے کیا۔ تیسرے نمبر پر فائز ٹوسٹ ماسٹر سید منصور شاہ ، دوسرے نمبر پر فائز ٹوسٹ ماسٹر انس اور پہلے نمبر پر فائز ٹوسٹ ماسٹر محمد حنیف صدیقی رہے۔
اردو ٹوسٹ ماسٹرز کلب ، اردو کی ترقی اور ترویج میں نت نئے پروگراموں کے تحت اردو زبان کی آبیاری میں کوشاں منفرد نوعیت کی ادبی نشستوں کے لئے بھی اپنا ایک مستحکم معیار مضبوطی سے قائم کر چکا ہے۔ اسی امرکو پیشِ نظر رکھتے ہوئے منطقہ شرقیہ کے سینیئر شاعر اقبال احمد قمر کو بحیثیت مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا۔ اقبال احمد قمر نے اپنے اعزاز میں ہونے والی شہر کی ادبی نشستوں کو اردو زبان و اردو ادب سے منسلک کرتے ہوئے احباب کا شکریہ ادا کیا اور اپنی غزلوں سے محفل کو پر جوش کردیا ۔منتخب اشعارنذرِ قارئین:
وقت کے ساتھ خیالات بدل سکتے ہیں
ہم خود اپنی ہی کہی بات بدل سکتے ہیں
دل کو آمادہ رکھو، ذہن کشادہ رکھو
سب سوالات و جوابات بدل سکتے ہیں
بس وہ اک لمحہ¿ امکاں جو کبھی ہاتھ آئے
یہ زمیں کیا ہے، سماوات بدل سکتے ہیں
خود فریبی کی کوئی حد بھی تو ہو گی آخر
سوچنے سے کہیں حالات بدل سکتے ہیں
٭٭٭
یہ کائنات اگرچہ بنی ہے میرے لئے
یہاں پٹا ہوا مہرہ بھی میں بنا ہوا ہوں
یہاں نہ چھیڑ مرے دوست ذکر ماضی کو
ابھی تو لوگوں کی نظروں میں پارسا ہوا ہوں
ذرا سا صبر، کھلیں گے مرے پر پرواز
نیا نیا قفسِ عشق سے رہا ہوا ہوں
٭٭٭
آنکھوں آنکھوں میں ہر بات سجھا دی گئی کیا
زندگی سے بھی ملاقات کرا دی گئی کیا
یہ جو تم آپے سے باہر ہوئے جاتے ہو میاں
اتنی جلدی تمہیں اوقات دکھا دی گئی کیا
راکھ کر ڈالا تھا ہر راز جلا کر میں نے
اُڑ رہے ہیں جو یہ ذرات ہوا دی گئی کیا
اردو ٹوسٹ ماسٹر کلب کے صدر ٹوسٹ ماسٹر سردار شریف نے تمام مجلس عاملہ کے علاوہ مددگار اراکین کو توصیفی اسناد پیش کیں اور کلب کے رضاکاراراکین محترمہ مسرت خان کو توصیفی سند اور فرحان فرید ، فرقان فرید اور سکینہ فرید کو انعامات و توصیفی اسناد پیش کیں۔
اجلاس کے اختتامی مرحلے پر ڈی ٹی ایم امتیاز خان ، ڈی ٹی ایم عمر فاروق اور ڈی ٹی ایم کلیم احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیگر زبانوں کے کلبز کے مقابلے میں اردو کلب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے مبارک باد دی۔
صدر اردو کلب ٹوسٹ ماسٹر سردار شریف کی صدارت کی میعاد کا یہ آخری اجلاس تھا ۔انہوں نے اپنے خطاب میں نو منتخب مجلس عاملہ کو مبارک باد پیش کی اور خوشگوار میعاد کے آغاز پر حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اجلاس میں خصوصی شرکت پر ڈی ٹی ایم عمر فاروق ، ڈی ٹی ایم کلیم احمد ، عبد الرزاق و عائلہ ، محمد حنیف و عائلہ ، اطہر شریف ، ندیم رفعت خان ،محترمہ رومانہ شریف و دیگر حاضرین محفل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اجلاس کے اختتام کا اعلان کیا۔