چٹاگانگ ٹیسٹ: بنگلہ دیش نے پوزیشن مستحکم کر لی
چٹاگانگ: مومن الحق کی ناقابل شکست سنچری ، تمیم اقبال اور مشفق الرحیم کی نصف سنچریوں کی بدولت سری لنکا کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم نے4وکٹوں پر374رنز بناکر پوزیشن بہتر بنا لی ہے ، مومن الحق175رنز پر کھیل رہے ہیں تاہم سابق کپتان مشفق الرحیم8رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔ بنگلہ دیش کے قائم مقام کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔تمیم اقبال اور امراﺅالقیس نے 72رنز کا آغاز فراہم کیا ۔تمیم تیز رفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے ، 52کے اسکور پر پریرا نے انہیں بولڈ کر دیا۔تمیم نے53گیندیں کھیلیں اور ایک چھکا اور6چوکے لگانے میں کامیاب رہے۔ قیس40کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو ہوئے اس وقت مجموعی اسکور120رنز ہوچکا تھا ۔ان کے آوٹ ہونے پر سابق کپتان مشفق الرحیم کھیلنے آئے اور مومن الحق کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں236رنز کا اضافہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کیلئے شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کیا ۔شراکت کے دوران مشفق نے اپنے نوجوان ساتھی کو کھیلنے کا زیادہ موقع دیا جو96گیندوں پر100 رنزمکمل کرنے میں کامیاب رہے۔مشفق خود سنچری کے قریب پہنچ کر وکٹ گنوا بیٹھے انہیں 92کے انفرادی اسکور پر سورنگا لکمل نے آوٹ کرکے اہم کامیابی حاصل کی ۔ مشفق نے 192گیندیں کھیلیں اور10چوکے لگائے۔ ان کے بعد آنے والے لٹن داس پہلی ہی گیند پر بولڈ ہو گئے ،366کے مجموعی اسکور پر سری لنکا کو ایک ہی اوور میں2کامیابیاں مل گئیں ۔کپتان محمود اللہ نے نائٹ واچ مین کا کردار بھی ادا کیا اور سری لنکن بولرز کو کھیل کے اختتام تک مزید کامیابی سے روکے رکھا۔پہلے دن مومن الحق203گیندوں پر ایک چھکے اور16چوکوں کی مدد سے175رنز بنا چکے تھے۔سورنگا لکمل نے17اوورز میں43رنز دے کر2وکٹیں لیں۔ سینیئر اسپنر رنگانا ہیرتھ کے20اوورز میں100رنز بنے۔