لکھنؤ۔۔۔۔ شہر کے غازی پور تھانہ حلقہ میں ایک بینک منیجر نے پنکھے سے پھندالگاکر خود کشی کرلی۔ پولیس جائے واردات پر پہنچی اور فلیٹ کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی تو منیجر کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔وہیں کمرے میں لکھا ہوا تھا’’ اگر تم نہیں سدھروگی تو مٹ جاؤگی‘‘۔پولیس نے پوسٹ مارٹم کیلئے لاش بھیج دیا ۔ اطلاع کے مطابق بینک منیجر آونیش ترپاٹھی الٰہ آباد کے رہنے والے تھے۔ 2016ء میں اسمال انڈسٹریز ڈیولپمنٹ بینک میں منیجر کے عہدے پر فائزہوئے تھے۔ لکھنؤ کے حضرت گنج اشوک مارگ پر واقع شاخ میں کام کررہے تھے۔ غازی پور تھانہ حلقہ میں واقع اندرا نگر سیکٹر 25میں اسٹاف کوارٹرفلیٹ میں سکونت پذیر تھے۔ انہوں نے اپنے کمرے کی چھت میں لگے پنکھے سے نائلون کی رسی سے پھانسی لگا کر خودکشی کرلی۔ ان کے خود کشی نوٹ کے ذریعے پولیس نے حقیقت دریافت کرنے کیلئے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔