پاکستان میں پہلی بار فیفا ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی
لاہور: فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی تاریخ میں پہلی بار پاکستان پہنچ گئی۔ سابق فرانسیسی فٹبالر کرسٹیان کیرم نے لاہور میں ٹرافی کی رونمائی کی۔پاکستان کے سابق کپتان و عظیم کرکٹر یونس خان، گلوکارہ مومنہ مستحسن، قرةالعین بلوچ اور اداکارہ مایا علی نجی پرواز کے ذریعے ٹرافی لے کر لاہور پہنچے۔ایئرپورٹ پر پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ نے ٹرافی وصول کی جس کے بعد اسے رونمائی کےلئے نجی ہوٹل کی لابی میں پہنچایا گیا جہاں ٹرافی کی تقریب رونمائی کی گئی۔تقریب کے دوران 1998 ءمیں فرانس کی ورلڈ کپ فاتح ٹیم کے فٹبالر کرسٹیان کیرم نے کہا کہ مجھے لاہور پہنچنے پر بے حد خوشی محسوس ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ فیفا ٹرافی کا آنا خوش کن اور اعزاز کی بات ہے۔سابق فرانسیسی فٹبالر نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کے کھیل سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، ہم کھیلوں کے ذریعے اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں۔اس موقع پر پاکستانی کرکٹ اسٹار اور عظیم بلے باز یونس خان نے کہا کہ فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے اور فیفا کی ٹرافی کا پاکستان آنا بہت بڑی بات ہے۔پاکستان فٹبال ٹیم کے کپتان کلیم اللہ خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی رونمائی کےلئے پاکستان آئے گی اور میں اسے چھو سکوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں موجود فٹبالرز کےلئے ٹرافی کا آنا حوصلہ افزاء ہے اور مجھے لگتا ہے کہ ایک دن پاکستان بھی فٹبال میں بہتر مقام حاصل کرے گا۔فیفا ورلڈ کپ کا بڑا ایونٹ جون 2018ءمیں روس میںمنعقد ہو رہا ہے۔ فیفا ورلڈ کپ 2018ء کی ٹرافی نے22 جنوری کو لندن سے اپنے سفر کا آغاز کیا ہے جو اپنے طویل دورے کے دوران دنیا کے 6براعظموں کے 51 ممالک کے 91 شہروں کا دورہ کرے گی۔اس مرتبہ فیفا نے کئی ایسے ملکوں کو بھی دورے کا حصہ بنایا ہے جہاں اس سے قبل فیفا ٹرافی نہیں لے جائی گئی۔ منگولیا، آئس لینڈ اور آسٹریا بھی پہلی مرتبہ ورلڈ کپ ٹرافی کی رونمائی کی تقریب کی میزبانی کریں گے۔