بدایوں ۔۔۔۔ ملک میں منچلے نوجوان کی جانب سے یکطرفہ محبت کا اظہار کرنے، لڑکیوں کو ڈرانے دھمکانے اور جان سے مارنے کی وارداتوں میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ایسا ہی ایک معاملہ بدایوں شہر میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے شادی سے انکار کرنے پر ایک لڑکی کو گولی مار کر ہلاک اور اس کی بہن کو زخمی کردیا۔ سینیئرپولیس افسر چندرپرکاش نے بتایا کہ 18سالہ لڑکی لولی عرف ایلو ٹیوشن کیلئے اپنے چچا شیام ویر مسرا کے پاس جارہی تھی کہ اس کے گاؤں کھیڑا جلال پور کے رہنے والے امیت نے راستے میں روک لیا اور زبردستی شادی کی بات کرنے لگا۔ لڑکی نے شادی سے انکارکیا تو اس نے پستول سے فائر کرکے قتل کردیا۔پولیس افسر کے مطابق امیت اپنے بھائی سومیت اور 2بہنوں کے ساتھ ایلو کے گھر آکر شادی کیلئے زوردینے لگا تاہم انکار کرنے پر اس نے لڑکی کو گولی مار دی ۔ لڑکی کی بہن نیرج اسے بچانے کیلئے آئی تو اسے بھی گولی مار کر زخمی کردیا۔واردات کے بعد امیت اپنے بھائی ،بہنوں سمیت فرار ہوگیا۔زخمی نیرج نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع دینے کیلئے ہیلپ لائن 100نمبر پر لگاتار فون کرتی رہی مگر کوئی جواب نہیں ملا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی۔