Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کشمیری بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھے گا، شہریاراکبر

 کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، چیئرمین کشمیر کمیٹی مسعود پوری، یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکاءکا خطاب
جدہ (ارسلان ہاشمی) پاکستان قونصلیٹ جدہ کے تحت یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب قونصل جنرل کی رہائش پر منعقد کی گئی۔ تقریب میں قونصلیٹ کے افسران کے علاوہ کشمیر کمیٹی کے ممبران اور پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح امسال بھی پاکستانی قونصلیٹ اور کشمیر کمیٹی کے تعاون سے قونصل جنرل شہریار اکبر خان کی رہائش پر ہوا۔ ا س موقع پر قونصل جنرل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔ آج کے دن کو منانے کامقصد کشمیر کے شہیدو ںکو یاد رکھنا ہے جنہوں نے اپنے لہو سے آزادی کی شمع جلائے رکھی۔ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق کے لئے ہر محاذ پر آواز بلند کرتا رہیگا اور اس سلسلے میں تمام تر اخلاقی اور سفارتی ذمہ داریاں بھی نبھائے گا۔ شہریار اکبر خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان کشمیر میں ہندوستانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے متعلق کشمیر میں رائے شماری کیلئے اپنا کردارادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ قونصل جنرل نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلوں اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی خواہشات کے مطابق حل پاکستان کی خارجہ پالیسی کاحصہ ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حل تک پاکستان کشمیری بھائیوں کی سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کشمیر کا حل خطے میں پائدار امن کا ضامن ہے۔قونصل جنرل نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر نوجوان نسل کو مدعو کرنے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہماری نسل نو کو مسئلہ کشمیر سے آگاہ کرنا انتہائی اہم ہے۔کشمیر کمیٹی جدہ کے چیئرمین مسعود پوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ جس کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے انسانی شعورکو جگاتے ہوئے اقوام عالم پر زوردیا کہ کشمیر یوں کے خلاف جو ظلم وجبرروا رکھا جارہا ہے وہ رکوایا جائے۔ یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول عزیزیہ اوررحاب کے طلباء نے کشمیر کے عنوان سے تقاریر کیں۔ جس میں طلباءنے کشمیر میں حکومت ہند کی جانب سے نہتے او رمعصوم کشمیریوں پر جاری مظالم بیان کرتے ہوئے اقوام عالم سے اپیل کی کہ وہ ہند پر زور دیں کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے۔ طلباءنے اپنی تقاریر میں اس نکتے کو اجاگر کیا کہ مسئلہ کشمیر کا حل مذاکرات میں ہے جبکہ اس حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی واضح ہیں۔ قبل ازیں ڈپٹی قونصل جنرل شائق بھٹو اور وائس قونصل نجیب اللہ خان نے صدر پاکستان اور وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔آخر میں قونصل جنرل نے طلباءمیں انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

شیئر: