پیٹرول میں ملاوٹ پر 3سزائیں
ریاض ...وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے خبردار کیا ہے کہ پیٹرول اسٹیشنوں کو خلاف ورزی پر 10لاکھ ریال تک کا جرمانہ دینا ہوگا۔ پیٹرول میں ملاوٹ کی سزا قید ، جرمانہ اور تشہیر تینوں ہونگی۔ یہ انتباہ مقامی شہریوں کی ان شکایتوں کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ پیٹرول اسٹیشن 91اور 95 میں ملاوٹ کررہے ہیں۔ پانی تک ملانے سے گریز نہیں کررہے۔ وزارت نے اطمینان دلایا ہے کہ اسکے کارندے پیٹرول اسٹیشنو ںپر چھاپے مار کر ملاوٹ کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔ جو بھی ملاوٹ کرتا ہوا پایا جائیگا یا ملاوٹ اس کے خلاف ثابت ہوجائیگی تو اسے 3 برس قید، 10لاکھ ریال تک جرمانے کی سزا اور 2مقامی اخبارات میں تشہیر ہوگی۔ اسکا خرچ بھی اسی سے وصول کیا جائیگا۔