نو منتحب اراکین میں محمد اشفاق حسین نصیر، محمدعاصم الدین انصاری، سید محمد عبدالعزیز، عبدالرافع شامل ہیں،قوم و ملت کیلئے کام کرنے کا عزم
جدہ (امین انصاری) بزم اتحاد جدہ کا سالانہ جنرل باڈی اجلاس مقامی ریستوران میںمنعقد ہوا۔ صدر بزم اتحاد احمد الدین اویسی نے اجلاس کی صدارت کی ۔ڈاکٹر سید علی محمود (مشیر اعلیٰ) نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی ۔ عاصم الدین انصاری نے نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ بزم کے جنرل سیکریٹری و ترجمان محمد یوسف الدین امجد نے جنرل باڈی میٹنگ کی کارروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ صدر بزم احمد الدین اویسی نے اس سال بزم اتحاد جدہ کے ممبران میں کمیونٹی کے 4 احباب محمد اشفاق حسین نصیر(سیلز ایگزیکٹیو)، محمدعاصم الدین انصاری (سیلز انجینیئر )، سید محمد عبدالعزیز (ڈائریکٹر آئی ٹی)، عبدالرافع (سینیئر سیلز اینڈ مارکیٹنگ ایگزیکٹیو) کو شامل کیا گیا ۔ چاروں نئے اراکین جدہ میں معتبر حیثیت اور فلاحی و سماجی اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی اسکے علاوہ مجلس اتحاد المسلمین سے انکی اور انکے آباﺅ اجداد کی گہری وابستگی رکھتے ہیں ۔نئے اراکین نے کہا کہ آج بزم اتحاد سے سے جڑجانے کے بعد یہ محسوس ہورہا ہے کہ ہم اپنے بڑوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔انہوں نے اس بات کا عزم کیا گہ ہم قوم و ملت کی فلاح و بہبود کیلئے حتی المقدور خدمات انجام دیں گے اور بزم کے صدر اور سابق اراکین کے ارادوں پر پورے اتریں گے ۔ انہوں نے صدر تنظیم کیساتھ ڈاکٹر سید علی محمود، محمد عبید الرحمان، محمد یوسف الدین امجد، حسن بایزید اور مرزا مظہر علی بیگ کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ نائب صدر محمد عبید الرحمان نے خطبہ استقبالیہ دیا اور 2018ءمیں ہونے والے سالانہ مشاعرہ بیاد سالار ملت سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ مشیر اعلیٰ ڈاکٹر سید علی محمود نے تقریر میں قدیم و جدید ممبران کوبزم اتحاد کی سابقہ اور حالیہ دور کی کارکردگی سے آگاہ کرایا اورساتھ ہی انہوں نے ہند میں ہونے والے 2019ءکے انتخابات میں بزم کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔اس موقع پر صدر احمد الدین اویسی نے خطبہ صدارت میں سالار ملت کے اور اسد الدین اویسی کے کامیاب سیاسی دور اور انکی فہم و فراست و سیاسی حکمت عملی کا جائزہ لیا اور ممبران کو کسی ایک تنظیم سے جڑے رہنے کی تلقین کی اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے تنظیم کو زیادہ سے زیادہ پروان چڑھانے کی اپیل کی۔ انہوں نے تمام عہدیداروں اور ممبران سے کہا کہ وہ بزم اتحاد کے فلاحی، سماجی اور تعلیمی پروجیکٹ پر دل کھول کر کام کریں۔ جسکا فائدہ مستحق لوگوں کو پہنچے۔ مشیر حسن بایزید نے اپنے تجربات کی روشنی میں نئے ممبران کو قیمتی مشوروں سے نوازا۔ اس موقع پر بزم کے جوائنٹ سیکریٹری سید خواجہ وقار الدین نے بزم اتحاد کے نام سے ایک مسجد کی تعمیر کا مشورہ دیا جسے سارے اراکین نے سراہا اور اس پر کام کرنیکا عزم ظاہر کیا۔ فلاحی شعبہ کے سیکریٹری محمد افتخار(آئی ڈی بی) نے عشائیہ کا انتظام کیا۔ ممبران نے محمد افتخار کے بیٹے ثاقب افتخار کے امریکہ سے ماسٹرز کرنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔