اسلام آباد... ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ مسلح افواج ہر ہندوستانی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔پاکستان اپنے دفاع کے لئے تمام اقدامات کرے گا۔ اسلام آباد میں بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں تخریب کاری کے لئے مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہی۔ کلبھوشن یادو کی گرفتاری ہندوستانی مداخلت کا ثبوت ہے۔ نئی دہلی آج تک جواب نہیں دے سکا کہ کلبھوشن کے پاس حسین مبارک کا پاسپورٹ کہاں سے آیا؟ کلبھوشن کی ریٹائرمنٹ کی دستاویزات بھی فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان کو غیردفاعی امداد روکنے کے بل کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کابل میں امریکی ڈپٹی سیکرٹری آف اسٹیٹ کا بیان مثبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اسلامی اور افغان حکومت کے مابین بات چیت خوش آئند ہے۔ اس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔حزبِ اسلامی کی طرز پر دیگر گروپوں بشمول طالبان سے بھی مفاہمت کی جانی چاہئے۔افغان مسئلے کا بہترین حل سیاسی حل ہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ افغان حکومت اور امریکہ کے ساتھ بات چیت میں افغان پناہ گزینوں کا معاملہ سرفہرست ہے۔پاکستان افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی چاہتا ہے۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ ہرریاست کو خلائی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا پورا حق ہے لیکن یہ حق پرامن مقاصد کے لئے ہونا چاہئے۔ ہتھیاروں کی دوڑ نہیں شروع ہونی چاہئے۔