Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان نے خریداری آب کےلئے175 ملین ریال سالانہ بجٹ کی منظور ی دےدی

 ریاض..... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بعض علاقوں میں میٹھے پانی کی قلت کو دور کرنے کےلئے 175 ملین ریال سالانہ بجٹ کی منظوری دے دی ہے ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پانی وزراعت او ر جنرل واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے نگران اعلی انجیئنر عبدالرحمان المحسن الفضلی نے کہا کہ خادم حرمین شریفین کی جانب سے میٹھے پانی کی خریداری کےلئے بجٹ مختص کرنا مستحسن اقدام ہے جس سے ان علاقوں کو کافی فائدہ ہو گا جہاں پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔ مخصوص کئے جانے والے بجٹ سے ان علاقو ں کے لئے پینے کا صاف پانی خریدا جائے گا جہاں قلت آب کا سامنا ہو گا ۔ پانی کی خریداری متحرک واٹر اسٹیشن کے ذریعے ہو گی جنہیں مختلف علاقوں میں منتقل کیاجاسکے گا جس سے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو بھی سہولت ہو گی اور بروقت پانی ان علاقوں کو فراہم کیا جاسکے گا جہاں لوگوں کو شدید دشوار ی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو گا۔ انجیئنر الفضلی نے مزید کہا کہ کھارے پانی کو صاف کرنے والے پلانٹ کی توسیع کی جارہی ہے جس کی وجہ سے بعض علاقوں میں مطلوبہ مقدار میں پانی کی فراہمی متاثر ہو تی ہے ۔ فلوٹنگ ٹینکروں کے ذریعے خریداری آب کے لئے مخصوص کئے جانے والے بجٹ سے واٹر فلٹریشن پلانٹ کو بھی سہولت ہو گی جس سے پلانٹ پر ہونے والا اضافی بار کم ہو گا اور منصوبے کی تعمیر پر یکسوئی سے کام جاری رہے گا ۔ ابتدائی طور پر متحرک واٹر اسٹیشنز کی سب سے زیادہ ضرورت جازان اور عسیر ریجن کو ہے جہاں یہ اسٹیشن پہنچائیں جائیں گے تاکہ ان علاقوں میں موجود افراد کو جوقلت آب کا سامنا ہے فوری طور پر پانی فراہم کیاجاسکے ۔ انجیئنر الفضلی نے مزید کہا کہ ادارہ آب کے تحت متعدد کمپنیوں سے ٹینڈر ز طلب کئے جائیں گے تاکہ بہتر نرخوں پر معیاری خدمات حاصل کی جاسکیں ۔ 

شیئر: