سنگاپور .... قومی فضائی کمپنی سنگاپور ایئرلائنز نے اپنے کیبن کریو کو ہر وقت چاق و چوبند رہنے کیلئے مٹاپے سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ کسی صورت میں بھی اپنا وزن نہ بڑھائیں اور نہ ہی سستی کو اپنے اوپر غالب آنے دیں ۔ اس لئے ضروری ہے کہ انکی کمر بھی زیادہ چوڑی نہ ہو۔ اگر ان ہدایات پر عمل نہ ہوا تو شاید وہ اپنی ملازمتیں برقرار نہ رکھ سکیں اس لئے انہیں لازمی طور پر اپنی فزیکل فٹنس پر توجہ دینی چاہئے۔ اعدادوشمار کے مطابق سنگاپور ایئرلائنز ہر سال تقریباً ایک ہزار فضائی میزبانوں کو بھرتی کرتی ہے اور 14ہفتے تک انہیں چلنے ، پھرنے اور بات کرنے کے طور طریقے سکھاتی ہے۔ تاکہ کسی بھی مسافر کو ان سے کوئی شکایت نہ ہو۔ اگر فضائی عملہ چاق و چوبند نہ ہوا تو مسافروں کی قطاروں کے درمیان انکا چلنا پھرنا مشکل ہوجاتا ہے اور انکی یہ مشکل مسافروں کو ذہنی الجھن میں مبتلا کردیتی ہے۔اسکا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ وہ مسافروںکی خاطر خواہ خدمت نہیں کرپاتیں ۔ سنگاپور ایئرلائنز نے یہ تمام انتباہ جاری کرتے ہوئے ایئرہوسٹسز کو بطور خاص اپنا خیال رکھنے کو کہا ہے۔ مسافروں کیلئے فضائی عملے کو پسندیدہ بنانے کیلئے انکا لباس بھی کافی اچھا بنایا جاتا ہے۔