کراچی ... مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور وفاقی وزیر ماحولیات سنیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف جلد کراچی میں بڑے تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ نواز شریف نے کراچی پیکیج سمیت کئی بڑے ترقیاتی منصوبے دیئے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن پھر کامیابی حاصل کرے گی۔ اتوار کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ لودھراں سے مسلم لیگ ن کے امیدوار نے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس سے ثابت ہوگیا کہ نواز شریف پر لگائے جانے والے الزمات جھوٹ ہیں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں عوام کے لئے کچھ نہیں کیا ۔ افسوس ہورہا ہے کہ سندھ میں اراکین اسمبلی کی بھیڑبکر یوں کی طرح سینیٹ الیکشن کے لئے خرید و فروخت کی جارہی ہے۔ ایک سوال پر انہوںنے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن میں کوئی فرق نہیں ۔ ایم کیو ایم والے جو کچھ کر رہے ہیں یہ ڈرامہ ہے ۔دونوں ملکر کراچی کو پھر سے یر غمال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسا نہیں ہونے دیں گے۔