ٹی ٹوئنٹی سیریز: جنوبی افریقہ کو ہند نے شکست دیدی
جوہانسبرگ:6ون ڈے میچوں کی سیریز 1-5سے جیتنے کے بعد3ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کا پہلا میچ ہند نے میزبان جنوبی افریقہ کو 28 رنز سے ہرا دیا۔ جنوبی افریقہ 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں9 وکٹوں پر 175 رنز بنا سکی۔ بھونیشور کمار نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔بھونیشور نے اپنے چوتھے اور آخری اوور میں جنوبی افریقہ کی اننگز کے 18ویں اوور میں3 وکٹیں حاصل کیں۔بھونیشور کو 5وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کااعزاز دیا گیا۔جنوبی افریقہ کے نوجوان اوپنر ریزا ہینڈرکس کی 70 رنز کی اننگزبھی ٹیم کو میچ نہ جتوا سکی۔ ہینڈرکس کے علاوہ بہاردین نے 39 رنز بنائے۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ہند کو کھیلنے کی دعوت دی، مقررہ 20 اوورز میں ہند نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔اس میں شیکھر دھون کے 39 گیندوں پر 72 رنز شامل تھے۔دھون کے علاوہ دیگر کھلاڑی لمبی اننگز تو نہ کھیل سکے لیکن انھوں نے شیکھر کا ساتھ دیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پہلی بار 200 رنز سے زائد اسکور کئے۔حالیہ دورہ میں میزبان جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ سیریز میں 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ6ون ڈے کی سیریز ہندنے باآسانی 5-1 سے جیت لی تھی۔دوسرا ٹی ٹوئنٹی 21 فروری کو سنچورین جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 24 فروری کو کیپ ٹاون میں کھیلا جائے گا۔